Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فورٹ نائٹ‘ گیم اب ایپل اور اینڈرائیڈ فونز پر مفت

’فورٹ نائٹ‘ کلاؤڈ سروس کے ذریعے مفت کھیلی جانے والی پہلی گیم ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
مائیکرو سافٹ کے ویڈیو گیم یونٹ ایکس باکس نے کہا ہے کہ مشہور گیم ’فورٹ نائٹ‘ اب ایپل اور اینڈرائیڈ موبائل فونز پر بھی مفت کھیلی جا سکے گی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایکس باکس کلاؤڈ گیمنگ کی نائب صدر کیتھرین گلکسٹین نے جمعرات کو اپنی ایک بلاگ پوسٹ میں کہا کہ ویڈیو گیم کمپنی ایپک گیمز کی جانب سے ’فورٹ نائٹ‘ مفت فراہم ہونے والی پہلی گیم ہوگی۔
ایکس باکس کلاؤڈ گیمنگ کی ایپک گیمز کے ساتھ شراکت داری کے باعث فورٹ نائٹ کی مفت فراہمی کو ممکن بنایا گیا ہے۔ خیال رہے کہ ایکس باکس کلاؤڈ گیمنگ سروس 26 ممالک میں موجود ہے۔ 
اس سے قبل ایپل ایپ سٹور کے رقم کی ادائیگیوں کے نظام کو نظرانداز کرنے پر فورٹ نائٹ کو آئی فون اور آئی پیڈز سے ہٹا دیا گیا تھا جس کے بعد اب ایک مرتبہ پھر اس گیم کو واپس لایا جا رہا ہے۔ 
ویڈیو گیم کمپنی ایپک گیمز اور ایپل حکام کے درمیان عدالت میں تنازع بھی ہو چکا ہے۔ ایپک گیمز نے ایپل پر الزام لگایا تھا کہ ڈیجیٹل سامان اور سروسز کی فراہمی کے لیے ایپل کے ایپ سٹور نے اجارہ داری جما رکھی ہے۔
نومبر میں امریکہ کے ایک فیڈرل جج نے ایپل کو ایپ سٹور پر ادائیگیوں کے آپشن پر سے اپنا کنٹرول ہٹانے کا کہا تھا۔
ایکس باکس کلاؤڈ گیمنگ کی نائب صدر نے اپنے بلاگ میں مزید لکھا تھا کہ ’اس گیم کو پسند کرنے والے اب ایپل آئی او ایس سے چلنے والی ڈیوائسز، اینڈرائیڈ فونز اور ٹیبلٹس پر اس کو کھیل سکیں گے جبکہ ونڈو کمپیوٹر پر ویب براؤزر کے ذریعے بھی اس سے لطف اندوز ہوا جا سکے گا۔‘
سمارٹ فونز استعمال ہونے والے ایپل اور گول کے آپریٹنگ سسٹم دنیا بھر میں چھائے ہوئے ہیں۔
کیتھرین گلکسٹین نے مزید کہا کہ کلاؤڈ سسٹم کے ذریعے مزید گیمز متعارف کروائی جائیں گی جو مفت کھیلی جا سکیں گی۔
مائیکرو سافٹ کی جانب سے وضع کیے گئے اصولوں کے مطابق تمام ڈویلپرز کو اس کے ایپ سٹور تک رسائی حاصل ہوگی اور ان۔ایپ ٹرانزیکشن کے لیے مائیکروسافٹ کے ادائیگیوں کے نظام کو استعمال نہیں کرنا پڑے گا۔

شیئر: