Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب ممالک کی جانب سے مصر میں دہشت گرد حملے کی مذمت

حملہ ناکام بناتے ہوئے گیارہ مصری فوجی ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے تھے۔ فوٹو العربیہ
سعودی عرب کے بعد  متحدہ عرب امارات ، اردن، بحرین ، تیونس ، یمن اور کویت نے بھی مصر میں  ہونے والے عسکریت پسندوں کے حملے کی بھرپور انداز میں مذمت کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق گذشتہ روز ہفتے کو مصر کے جزیرہ نما سینائی کے شورش زدہ شمالی علاقے میں ایک واٹر پمپنگ سٹیشن پر عسکریت پسندوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے کم از کم گیارہ مصری فوجی ہلاک اور پانچ زخمی  ہوگئے تھے۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے رپورٹ میں کہا ہے کہ وزارت خارجہ نے مصری فوجیوں پر دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت  کا اظہار کیا  ہے۔
وزارت نے مصر کی سلامتی اور استحکام کو لاحق خطرات کے حوالے سے مملکت کی مکمل حمایت کی تصدیق کرتے ہوئے دہشت گردانہ کارروائیوں کا مقابلہ کرنے پر مصری مسلح افواج  کی تعریف کی ہے۔
وزارت خارجہ نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے حملے میں ہونے والے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
اسی طرح متحدہ عرب امارات کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں وزارت خارجہ اور بین الاقوامی تعاون  کونسل نے  ان مجرمانہ کارروائیوں کی سخت مذمت کی ہے۔

مصر کے جزیرہ نما سینائی علاقے میں واٹر پمپنگ سٹیشن پر حملہ کیا گیا۔ فوٹو ایجپٹ ٹوڈے

اس حملے کو انسانی اقدار اور اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے سلامتی اور استحکام کو غیر مستحکم کرنے اور ہر قسم کے تشدد اور دہشت گردی کو مسترد کیا ہے۔
وزارت نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور ملک کی سلامتی و استحکام کے تحفظ اور اس مصیبت کو ختم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے میں مصر کے ساتھ  یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
وزارت نے اس گھناؤنے جرم کے نتیجے میں متاثرین کے خاندانوں سے مخلصانہ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی ہے۔
اردن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی پیترا نے اپنی  رپورٹ میں کہا ہے کہ وزارت کے ترجمان ہیثم ابو الفول نے اس دہشت گردانہ حملے کی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے مصر کے لیے اردن کی غیر متزلزل حمایت کرتے ہوئے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے  کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔
ترجمان نے مصر کی حکومت ،عوام اور متاثرین کے اہل خانہ سے گہری تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی  کے لیے دعا کی۔

تیونس نے دہشت گردی کے خلاف مصر کے ساتھ  یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

بحرین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی بی این اے نے بتایا ہے کہ وزارت خارجہ نے مصری حکومت، عوام اور ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور تمام زخمیوں کے لیے نیک جذبات کا اظہار کیا ہے۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصر کے ساتھ بحرین کی یکجہتی اور انتہا پسند دہشت گرد تنظیموں کا مقابلہ کرنے اور ملک کی سلامتی، استحکام اور اس کے شہریوں اور رہائشیوں کی حفاظت کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات کے لیے اس کی مکمل حمایت  کی ہے۔
بحرین کی وزارت  خارجہ نے مصر کی سلامتی اور استحکام کے تحفظ میں مسلح افواج کی قربانیوں پر  فخر کا اظہار کیا،عرب قومی سلامتی کے دفاع میں مصری موقف کی تعریف کی اور خطے اور عوام کو نشانہ بنانے والی غیر ملکی مداخلت کو روکا۔
تیونس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ٹی اے پی کے مطابق تیونس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ اور رشتہ داروں کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

یمن نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

یمن نے اپنے بیان میں وزارت خارجہ کی جانب سےاس بات کی تصدیق کی ہے کہ یمن ہر قسم کی انتہا پسندی اور دہشت گردی کے مقابلے میں مصر کے ساتھ کھڑا ہے اور اس کی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔
وزارت خارجہ نے یمن کے مضبوط موقف کا اعادہ کرتے ہوئے انتہا پسندی اور دہشت گردی کو اس کی تمام شکلوں میں مسترد کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی  کونا  کا کہنا ہے کہ کویت کے وزیر خارجہ نے مصری فوجیوں پر حملے کی مذمت کی ہے۔ وزارت نے سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے اور دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام اقدامات میں مصر کے ساتھ کویت کی یکجہتی پر زور دیا ہے۔

شیئر: