Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حمزہ شہباز اکثریت کھوچکے‘، پی ٹی آئی کا پنجاب میں نئے انتخابات کا مطالبہ

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد حمزہ شہباز کو استعفٰی دے دینا چاہیے تھا (فائل فوٹو: اے پی پی)
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے حمزہ شہباز کی وزارت اعلٰی کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے اور کل درخواست دائر کی جائے گی۔
بدھ کو لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے واضح کیا کہ ’ہم نئے الیکشنز ہی چاہتے ہیں، جو بھی وزیراعلٰی بنے گا اسمبلی تحلیل کر دے گا۔‘
فواد چوہدری کے مطابق ’سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پنجاب میں وفاداریاں تبدیل کرنے والے 25 اراکین کے ووٹ مائنس ہوگئے ہیں۔‘
انہوں نے اعدادوشمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’نمبرز کے حساب سے ہمارے پاس 173 جبکہ مسلم لیگ ن کے پاس 172 ووٹ ہیں۔‘
فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد حمزہ شہباز کو وزارت اعلٰی سے استعفٰی دے دینا چاہیے تھا۔
انہوں نے گورنر پنجاب سے مطالبہ کیا کہ وہ حمزہ شہباز کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہیں۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں جو سیاسی بحران چل رہا ہے اس کا سوائے جلد الیکشنز کے کوئی دوسرا حل نہیں ہے۔
خیال رہے کہ منگل کو سپریم کورٹ نے آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے دائر صدارتی ریفرنس پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ ’منحرف رکن کا ووٹ شمار نہیں ہوگا۔‘

شیئر: