Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں توسیع

وزیراعظم کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ 2008 سے 2018 کے دوران الزامات لگائے گئے۔ فائل فوٹو: مسلم لیگ ن فیس بک
لاہور کی مقامی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلٰی پنجاب حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 28 مئی تک توسیع کر دی۔
سنیچر کو سپیشل سینٹرل کورٹ کے جج اعجاز حسن اعوان نے 16 ارب روپے کے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔
سپیشل سینٹرل کورٹ نے سلمان شہباز، طاہر نقوی اور ملک مقصود کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔
ایف آئی اے کے وکیل نے عدالت سے تین اشتہاری ملزمان کے خلاف مزید کارروائی کی درخواست کی۔
خصوصی عدالت کے جج اعجاز حسن اعوان نے ایف آئی کے وکیل سے سوال کیا کہ چار ماہ پراسیکیوشن کیوں خاموش رہی؟
اس پر سپیشل پراسیکیوٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ’میں اب آیا ہوں عدالت کی معاونت کروں گا۔‘
وزیراعظم شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ 2008 سے 2018 کے دوران جرم کے الزامات لگائے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ بہت سارے الزامات کو پراسیکیوشن ٹیم نے چالان میں ختم کر دیا ہے۔
وکیل امجد پرویز کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے خلاف ساری تحقیقات کی سربراہی سابق مشیر احتساب نے کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ کہ پونے دو سال تحقیقات کی گئیں اور ان کے خلاف کرپشن کا ایک روپیہ بھی ثابت نہیں ہو سکا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ان کے خلاف کرپشن کے سیاسی کیسز بنائے گئے۔

شیئر: