Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت میں گرد غبار کا طوفان، تین گھنٹے بعد پروازیں دوبارہ بحال

گرد وغبار کے باعث سرکاری دفاتر میں چھٹی کردی گئی ( فوٹو دی نیشنل)
 کویت میں گردو غبار کے طوفان کے باعث کویت ایئر پورٹ پر پروازوں کی آمد ورفت عارضی طور پر معطل رہی، تین گھنٹے بعد پروازیں بحال کردی گئیں۔
ریت کے طوفان پر سرکاری دفاتر میں چھٹی کردی گئی۔ حد نظر محدود ہوجانے، ٹریفک حادثات بڑھنے کے خدشات اور تنفس کے امراض سے سے بچنے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔
کویتی محکمہ شہری ہوابازی نے کہا ہے کہ’ پیر کو پورے ملک میں گردوغبار کے باعث کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پروازوں کی آمد ورفت مقامی وقت کے مطابق  2 بجکر 20 منٹ سے عارضی طور پر معطل کی گئی‘۔
کویتی جریدے القبس نے محکمہ شہری ہوابازی کے حوالے سے بتایا کہ ’گردوغبار کا طوفان ختم ہونے پر پروازوں کا نیا شیڈول جاری کیا جائے گا جبکہ گردو غبار کے طوفان کی شدت کم ہونے پر فضائی ٹریفک بحال ہو جائے گی‘۔
کویت کی وزارت داخلہ نے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو گرد وغبار کے طوفان کے باعث موسم کی غیر مستحکم صورتحال اور شاہراہوں پرحد نظر کم ہونے کے خطرے سے بھی خبر دار کیا ہے۔
علاوہ ازیں عراق میں بھی خراب موسم کے باعث پروازیں معطل رہیں جبکہ سرکاری دفاتر میں کام معطل کرنے کا اعلان کیا گیا۔

 

شیئر: