Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملتان ون ڈے، تماشائی کے گراؤنڈ میں آنے پر مقدمہ

شاداب خان نے میدان میں آ جانے والے فین کو گلے لگا لیا تھا (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جمعہ کو کھیلے گئے میچ کے دوران میدان میں آ جانے والے کرکٹ فین کے انداز اور کریز پر موجود شاداب خان کی جانب سے انہیں گلے لگانے پر دو روز سے جاری تبصروں کا سلسلہ کچھ تشویش میں بدلتا دکھائی دیتا ہے۔
سنیچر کو سوشل ٹائم لائنز پر مختلف افراد نے دعوی کیا کہ میچ کے دوران گراؤنڈ میں آ جانے والے تماشائی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اس اطلاع پر ردعمل دینے والوں کی واضح اکثریت معاملے پر ناخوش دکھائی دی۔
متعدد ٹویپس نے اپنے تبصروں میں ’جذباتی کرکٹ فین‘ کے عمل کو معمول سے ہٹ کر اور ممکنہ طور پر خطرناک تسلیم کیا، لیکن اس کے خلاف مبینہ قانونی کارروائی کو نامناسب قرار دیا۔
سپورٹس جرنلزم سے وابستہ شعیب جٹ نے ٹویٹ میں سوال کیا کہ ’اس فین کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج اور اتنا سخت فیصلہ کیوں؟‘

’فینز کو عزت دو‘ کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے مزید لکھا کہ ’یہ اتھارٹیز کا شرمناک اقدام ہے۔ وارننگ کافی رہتی۔‘
عثمان بٹ نے اپنے تبصرے میں انتظامیہ کے خلاف غم و غصہ کا اظہار کیا۔

انہوں نے لکھا کہ ’ملتان سٹیڈیم میں انتظامیہ اپنی نااہلی کا ملبہ اس فین پر ڈال رہی ہے۔‘
معاملے پر تبصرہ کرنے والوں کی اکثریت نے جہاں کرکٹ فین سے ہمدری کا اظہار کیا وہیں کئی ٹویپس نے ان کے ’جذباتی عمل‘ کو ’خطرناک‘ کہا۔

طلعت چیمہ نے لکھا کہ ’فینز کو بھی کھیل اور کھیل کے میدان کو عزت دینی چاہیے۔‘
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جمعہ 10 جون کو کھیلے گئے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کے دوران پاکستانی اننگز کے 39ویں اوور میں میدان کے اندر اور باہر موجود شائقین قومی ٹیم کی خراب بیٹنگ پر افسوس کا اظہار کر رہے تھے۔ بہت سوں کو خدشہ تھا کہ گرین شرٹس یہ میچ بچا نہیں پائیں گے اور مہمان سائیڈ کو پہلی کامیابی مل جائے گی۔
ویسٹ انڈین بولر نے کریز پر موجود شاداب خان کو گیند کرانے کے لیے دوڑنا شروع کیا، تاہم انہیں بولنگ اینڈ پر پہنچ کر اس وقت رکنا پڑا جب ایک فرد میدان میں بیٹر کے سامنے آ پہنچا۔
شاداب خان کے سامنے پہنچ کر فین نے انہیں سلیوٹ کیا جس پر پاکستانی ٹیم کے نائب کپتان نے فین کو گلے لگا لیا تھا۔

شیئر: