Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلینڈ بمقابلہ انڈیا: سٹورٹ براڈ کے ایک اوور میں ریکارڈ 35 رنز

بمرا نے براڈ کی کُل آٹھ گیندوں کا سامنا کیا جن میں سے ایک نو اور ایک وائیڈ بال قرار پائی (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان جاری ایجبیسٹن ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے بولر سٹورٹ براڈ نے ایک ہی اوور میں 35 رنز دے دیے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو میچ کے دوسرے روز انڈیا کے آل راؤنڈر روندرا جدیجا نے سینچری سکور کی۔
سٹورٹ براڈ ٹیسٹ کرکٹ میں 550 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے چھٹے اور تجربہ کار بولر ہیں، تاہم جسپریت بمرا کے آگے ان کی ایک نہ چل سکی۔
جسپریت بمرا نے کُل آٹھ گیندوں کا سامنا کیا جن میں سے ایک نو اور ایک وائڈ بال قرار پائی۔ انہوں نے چھ گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 23 رنز بنائے، اور اس کے بعد ایک نو اور ایک وائیڈ بال پر 12 رنز بنے۔
ٹیسٹ کرکٹ کی 145 سالہ تاریخ میں اس سے قبل انگلینڈ کے بولرز جیمز اینڈرسن اور جو روٹ کے ایک ہی اوور میں 28،28 رنز بنے۔
جسپریت بمرا نے سٹورٹ براڈ کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں دیا، تاہم براڈ نے انڈیا کے کھلاڑی محمد سراج کو آؤٹ کر کے اننگز کا اختتام کیا۔
انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا پانچواں ٹیسٹ میچ جمعے کے روز ایجبیسٹن (برمنگھم) میں شروع ہوا جس میں انڈین ٹیم کی کپتانی کے فرائض جسپریت بمرا انجام دے رہے ہیں۔
انڈین ٹیم کے مستقل کپتان روہت شرما کو کورونا وائرس کے باعث پانچویں ٹیسٹ میچ سے باہر ہونا پڑا تھا۔ ان کی عدم موجودگی میں انڈین فاسٹ بولر جسپریت بمرا کو انڈین ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
35 سال بعد انڈین ٹیم کے لیے یہ پہلا موقع ہے کہ ٹیسٹ میچ میں ٹیم کی کپتانی فاسٹ بولر کر رہا ہے۔
روہت شرما کے میچ سے باہر ہونے پر جسپریت بمرا نے کہا تھا کہ ’ہم پانچویں ٹیسٹ میچ میں روہت شرما کی کمی محسوس کریں گے، وہ ہمارے لیے بہت اہم کھلاڑی ہیں۔‘

شیئر: