Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ

سری لنکا میں ہزاروں مظاہرین نے صدر کے خلاف ریلی کا اعلان کر رکھا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں جمعے کو غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ کر دیا گیا اور صدر گوتابایا راجا پکسے کی برطرفی کا مطالبہ کرنے کے لیے ایک طے شدہ ریلی سے قبل فوج کو الرٹ کردیا گیا ہے۔
پولیس کے سربراہ چندنا وکرمارتنے کا کہنا ہے کہ ’کولمبو اور اس کے مضافاتی علاقے میں رات 9 بجے سے آئندہ حکم نامے تک مکمل کرفیو نافذ رہے گا، اور رہائشیوں کو تاکید کی جاتی ہے کہ وہ گھروں کے اندر رہیں۔‘
کرفیو کا یہ حکم نامہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب حکومت مخالف ہزاروں مظاہرین سنیچر کی ریلی سے قبل جمعے کو دارالحکومت میں داخل ہوئے تاکہ ملک کے بدترین معاشی بحران پر صدر گوتابایا پکسے سے استعفیٰ لینے کے لیے دباؤ ڈال سکیں۔
سری لنکا میں اس وقت اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہے، اور اس کی دو کروڑ 20 لاکھ آبادی رواں برس کے آغاز سے ہی مہنگائی اور بجلی کے طویل بلیک آؤٹ برداشت کر رہی ہے۔
مظاہرین کئی ماہ سے صدر گوتابایا راجا پکسے کے کولمبو دفتر کے باہر ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں تاکہ معاشی بدانتظامی کی وجہ سے ان پر استعفے کے لیے دباؤ ڈالا جا سکے۔
رائفلوں سے مسلح ہزاروں فوجیوں کو کولمبو میں صدر گوتابایا راجا پکسے کی سرکاری رہائش گاہ کی حفاظت پر مامور پولیس کو مدد فراہم کرنے کے لیے روانہ کیا گیا تھا، جس پر حکومت مخالف مظاہرین نے سنیچر کے روز دھاوا بولنے کا عزم کیا تھا۔

معاشی بحران کے باعث سری لنکا میں اشیائے ضروریہ کی قلت ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ایک اعلٰی دفاعی اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’تقریباً 20 ہزار فوجیوں، پولیس اہلکاروں اور خواتین پر مشتمل ایک آپریشن جمعے کی سہ پہر شروع کیا گیا۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’ہم امید کر رہے ہیں کہ سنیچر کا احتجاج پرتشدد نہیں ہوگا۔‘
ان کے مطابق ’کم سے کم تین ججوں کی جانب سے سنیچر کے روز ہونے والے احتجاج کو کالعدم قرار دینے سے انکار کرنے کے بعد صوبوں سے مزید فوجیوں کو دارالحکومت کولمبو طلب کرلیا گیا ہے۔‘

شیئر: