Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مریم نواز ایک مرتبہ پھر کورونا کا شکار

پنجاب میں ضمنی الیکشن کے اعلان کے بعد مریم نواز انتخابی مہم میں مصروف تھیں۔ (فوٹو: پی ایم ایل این)
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔
سنیچر کو مریم نواز نے ٹویٹ کیا کہ ’کووڈ پوزیٹو‘۔
مریم نواز کے پولیٹکل سیکریٹری ذیشان ملک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’مریم نواز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی درخواست کی جاتی ہے۔‘
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز پنجاب کے ضمنی انتخابات میں میں مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم کے لیے سرگرم تھیں اور مہم کے اختتام تک انہوں نے پنجاب کے مختلف حلقوں میں متعدد جلسے کیے تھے۔
گزشتہ جولائی میں بھی مسلم ن کی نائب صدر مریم نواز کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
اس وقت بھی  مریم نواز شریف نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں الیکشن مہم کے دوران مختلف علاقوں میں جلسوں سے خطاب کیے تھے۔

کورونا کیسز میں اضافہ

پاکستان میں کورونا کے کیسز میں اضافہ رپورٹ ہوا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 737 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 10 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔
قومی ادارہ برائے صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 22 ہزار 451 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 737 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ملک بھر میں کورونا کے کیسز کی شرح 3 اعشاریہ 89 فیصد ہے۔
قومی ادارہ برائے صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں 189 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

شیئر: