Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فوج،عدلیہ کو سیاست میں گھسیٹنا بند کریں‘

پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ن نے عدلیہ کے خلاف بیانات شروع کر دیے ہیں۔ (فوٹو: پی آئی ڈی)
مسلم لیگ ن نے کہا ہے کہ عمران خان کو اقتدار میں واپسی کے لیے اسٹیبلشمنٹ اور اینٹی اسٹیبلشمنٹ کا کھیل نہیں کھیلنے دیں گے۔
اتوار کو وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اعتراف کیا کہ چار سال حکومت چلانے کے لیے اداروں اور ایجنسیوں کی مدد لی۔
انہوں نے کہا کہ ’نوازشریف اور مسلم لیگ ن کا بیانیہ آئین کا بیانیہ ہے اور رہے گا۔‘
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ ’فوج اور عدلیہ کو سیاست میں گھسیٹنا بند کریں۔‘
ان کے مطابق ’عمران خان کا نشانہ ادارے ہیں اور ان کی قیادت کو عہدوں سے اتروانا ہے۔‘
اس سے قبل فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ن لیگ کے عدلیہ مخالف بیانات اور فوج کے خلاف بھی شروع ہونے والے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے ٹویٹ کیا کہ مسلم لیگ ن نے عدلیہ کے خلاف بیانات شروع کر دیے ہیں، فوج کے خلاف بھی اگلے چند دنوں میں شروع ہو جائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا ’اب ن لیگ کو لگا کہ عمران خان کے خلاف اسٹیبلشمنٹ سے نتھی ہو کر بڑی غلطی ہو گئی، مریم نواز اب اینٹی اسٹیبلشمنٹ چورن بیچیں۔‘
فواد چوہدری نے ساتھ ہی وضاحت بھی کی ’اس سکیم میں خامی یہ ہے کہ لوگ 1990 والے اب نہیں ہیں اور مقابلہ بھی عمران خان سے ہے۔‘
سنیچر کو پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا تھا کہ ’یک طرفہ فیصلوں کے سامنے سرجھکانے کی ہم سے توقع نہ رکھی جائے۔ بہت ہوگیا۔‘
اپنی ٹویٹ میں مریم نواز نے لکھا تھا کہ ’موجودہ سیاسی انتشار اور عدم استحکام کا سلسلہ اس عدالتی فیصلے سے شروع ہوتا ہے جس کے ذریعے آئین کی من مانی تشریح کرتے ہوئے اپنی مرضی سے ووٹ دینے والوں کے ووٹ نہ گننے کا حکم جاری ہوا۔‘

شیئر: