Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اللہ ہماری بیٹیوں کو حفاظت میں رکھے،‘ حرا مانی کی معذرت

انسٹاگرام پر حرا مانی نے اپنے ویڈیو پیغام میں دعا زہرہ اور ان کی فیملی سے معذرت کی (فائل فوٹو: کراچی پولیس)
پاکستانی اداکارہ حرا مانی نے کراچی سے پنجاب جا کر پسند کی شادی کرنے والی لڑکی دعا زہرہ کے معاملے پر بیان دینے کے بعد معافی مانگ لی ہے۔
بدھ کے روز مائیکروبلاگنگ کی ایپ انسٹاگرام پر حرا مانی نے اپنے ویڈیو پیغام میں دعا زہرہ اور ان کی فیملی سے معذرت کی۔
حرا مانی نے اپنی ویڈیو کے ساتھ پوسٹ میں لکھا کہ ’میں دعا زہرہ, ان کی فیملی اور عوام سے دل سے معذرت کرتی ہوں۔ اپنی غلطی ماننے سے کوئی چھوٹا بڑا نہیں ہوجاتا، اللہ تعالیٰ ہم سب کی بیٹیوں کو اپنی حفاظت میں رکھے، آمین ثم آمین۔‘
حرا مانی نے اس سے پہلے انسٹاگرام پر ہی یہ کہا تھا کہ 'میں چاہتی ہوں کہ دعا زہرہ اور ظہیر کبھی الگ نہ ہوں، اللہ تعالیٰ میری یہ دعا ضرور سنیں گے۔‘
اس بیان کے بعد حرا مانی کو شدید تنقید کر نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد اب انہوں نے اپنے بیان پر سب سے معافی مانگ لی ہے۔ 
حرا مانی کی جانب سے اپنے بیان پرمعافی مانگنے پر صارفین کے تبصرے بھی دیکھنے میں آرہے ہیں۔
جانا نامی ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ 'آپ کو ایسے بیان دینے سے پہلے سوچنا چاہیے کیونکہ لوگ آپ کو فالو کرتے ہیں۔‘
رحیمہ نامی ایک صارف کہتی ہیں کہ 'اچھا ہوا کہ آپ کو احساس ہوگیا۔‘
ہادیہ نامی ایک صارف لکھتی ہیں کہ 'آدھی معلومات خطرناک ہوتی ہیں باجی، لیکن آپ رحم دل انسان ہیں۔'
سمیرا کہتی ہیں کہ 'یہ ایک اچھی خاتون ہیں لیکن ان کی دانش ذرا کم ہے، لہٰذا ان پر مزید تنقید مت کریں۔‘
خیال رہے کہ دعا زہرہ کو پنجاب سے کراچی منتقل کردیا گیا تھا جس کے بعد ان کا کیس کراچی کی عدالت میں سنا جا رہا ہے۔

شیئر: