Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کابل کے کرکٹ سٹیڈیم میں دھماکہ، چار افراد زخمی

افغانستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بورڈ کا عملہ اور تمام کھلاڑی دھماکے میں محفوظ رہے (فوٹو: ٹوئٹر)
افغانستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ’ڈومیسٹک لیگ میچ کے دوران کابل کے مرکزی کرکٹ سٹیڈیم میں دھماکے کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہو گئے۔‘
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق اے سی بی کے چیف ایگزیکٹیو نصیب خان نے ایک بیان میں بتایا کہ ’شپیزا لیگ میں دو ٹیموں کے درمیان میچ جاری تھا کہ اس دوران ایک دھماکہ ہوا۔ ہجوم میں موجود چار شہری زخمی ہو گئے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کا عملہ اور تمام کھلاڑی اس دھماکے میں محفوظ رہے۔‘
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران کا کہنا ہے کہ ’دھماکہ دستی بم کے ذریعے کیا گیا جس کے بعد کھیل کو چند منٹوں کے لیے روک دیا گیا۔‘
شپیزا کرکٹ لیگ کا رواں سال کا ایڈیشن گذشتہ سال اگست میں طالبان کے کنٹرول سنبھالنے کے بعد اس طرح کا پہلا ٹورنامنٹ ہے۔
شپیزا کرکٹ لیگ کی آٹھ ٹیموں میں افغانستان کی قومی ٹیم کے کئی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
طالبان کے قبضے کے بعد سے افغانستان میں تشدد کی سطح میں اگرچہ کمی آئی ہے تاہم جہادی اسلامک سٹیٹ گروپ نے حالیہ مہینوں میں کئی بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

شیئر: