Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مداخلت نرم ہو گرم ہو یا سخت، سب کو مل کر ملک بچانا ہے‘

ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں تاریخی کمی آئی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اگر آئی ایم ایف کی جانب سے قسط جلد نہ ملی تو ملک کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ہے۔
سنیچر کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ’مداخلت نرم  ہو گرم ہو یا سخت، سب کو مل کر ملک بچانا ہے۔‘
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا حصہ رہنے والے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ زر مبادلہ کے ذخائر خطرناک حد تک کم ہو گئے ہیں اور ایک ایک دن قیمتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’غریب کے لیے ضروری اشیا لینا مشکل ہو گیا ہے۔ سب لوگوں کو مل کر بیٹھنا ہے ورنہ لوگ فیصلے خود اپنے ہاتھوں میں لے لیں گے۔‘
خیال رہے کہ پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو قرضے کی قسط میں تاخیر پر امریکی حکام سے رابطہ کیا ہے کہ یہ قسط جلد جاری کروانے میں امریکہ اپنا کردار ادا کرے۔ 
اردو نیوز کے پاس دستیاب معلومات کے مطابق جنرل قمر باجوہ نے امریکی حکام سے یہ رابطہ قومی اقتصادی کونسل کے رکن کی حیثیت سے کیا ہے اور اس کا مقصد آئی ایم ایف سے قرضے کی قسط جلد حاصل کر کے ملک کو معاشی گرداب سے نکالنا ہے۔
ایک غیر ملکی جریدے نے بھی اس سلسلے میں خبر شائع کی تھی کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس سلسلے میں رواں ہفتے کے شروع میں امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوئے ان سے درخواست کی کہ آئی ایم ایف سے قرضے کی قسط کے جلد اجرا میں کردار ادا کیا جائے۔ 

شیئر: