Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف میں ’تتلیوں کے پارک‘ کا منصوبہ 

مجوزہ پارک میں پلے گراؤنڈ اورواکنگ ٹریکس بھی بنائے جائیں گے (فوٹو: ٹوئٹر)
طائف میونسپلٹی نے ایک لاکھ 66 ہزار مربع میٹر رقبے پر ’حدیقہ الفراشات‘ (تتلیوں کا پارک) مضباع الحویہ میں تیار کرنا شروع کر دیا ہے۔ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق میئر طائف ڈاکٹر احمد القثامی نے کہا ہے کہ  میونسپلٹی  سبزہ زاروں کا دائرہ وسیع کرنے اور پرفضا مقامات کی تعداد بڑھانے کے لیے کوشاں ہے۔
 میونسپلٹی چاہتی ہے کہ کمشنری کے تمام شہروں کو انسانی بنیادوں پر تیار کیا جائے۔ زندگی کا معیار بلند ہو اور تہذیب و تمدن کی ترجمان خوبیاں بہتر سے بہتر ہوں۔ 
القثامی نے بتایا کہ پارک کا ڈیزائن مکمل ہونے پر تعمیراتی کام شروع کردیا گیا ہے۔  اس بات کا خیال رکھا جا رہا ہے  کہ پارک کی ظاہری شکل و صورت بہت عمدہ ہو۔ سبزہ زار، درخت، سپورٹس گیمز، جھولے اور واکنگ ٹریک زیادہ سے زیادہ ہوں اور سب کچھ عالمی معیار کا ہو۔
طائف کے میئر نے کہا کہ میونسپلٹی متعدد عوامی پارک اور سبزہ زار قائم کر رہی ہے جو تمام ضروری سہولیات سے آراستہ ہیں۔ 
سیکریٹری پروجیکٹ انجینیئر عبدالعزیز الشمرانی نے بتایا کہ نیا پارک ایک لاکھ  66 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر تیار کیا جا رہا ہے۔ یہاں  17 ہزار مربع میٹر پر مشتمل سپورٹس ٹریک ہوگا جو 1500 میٹر لمبا اور بارہ میٹر چوڑا ہوگا۔ 

 پارک کا رقبہ 1 لاکھ 66 ہزار مربع میٹر پر محیط ہوگا (فوٹو: ٹوئٹر)

پارک میں 1492 مربع میٹر کے رقبے میں بچوں کے لیے مخصوص سرگرمیوں کا انتظام کیا جائے گا۔
 سپورٹس گیمز کی سہولیات اور پارکنگ کا انتظام ہو گا۔ کرسیوں اور بینچوں سے آراستہ سائبان ہوں گے جہاں فیملی کے ساتھ آنے والے اطمینان سے  اچھا وقت گزار سکیں گے۔ 
16 ہزار مربع میٹر پر سینما گھر، ریستوران، کیفے ٹیریا، پرندوں کے لیے شیشوں والے کیبن ہوں گے۔ پارک میں  50 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر سبزہ زار ہوں گے جبکہ  58 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر ’ہارڈ سکیپ‘ ہوں گے۔ پارک میں انٹریکٹو فوارے بھی ہوں گے۔ 

شیئر: