Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہباز گل کا پولیس ریمانڈ مجھے ٹارگٹ کرنے کی سازش کا حصہ ہے: عمران خان

مقامی عدالت نے شہباز گل کو جسمانی ریمانڈ پر اسلام آباد پولیس کے حوالے کیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنما شہباز گل کو دوبارہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے پر کہا ہے کہ ’یہ مجھے ٹارگٹ کرنے کی سازش کا حصہ ہے جس میں شہباز گل سے زبردستی جھوٹا بیان لیا جائے گا۔
بدھ کو سابق وزیراعظم نے ٹوئٹر پر لکھا کہ شہباز گل کو جسمانی ریمانڈ پر دوبارہ پولیس کے حوالے کرنے پر انہیں تشویش ہے۔
 ان کا کہنا تھا ’اغوا‘ کرکے بعد نامعلوم مقام پر اور پھر پولیس سٹیشن میں ہونے ہونے والے تشدد کے بعد شہباز گل کی ذہنی اور جسمانی صحت ٹھیک نہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ’یہ مجھے ٹارگٹ کرنے کی سازش کا حصہ ہے جس میں شہباز گل سے زبردستی جھوٹا بیان لیا جائے گا جس طرح سوشل میڈیا ایکٹوسٹس سے لیا گیا۔ یہ بالکل قابل قبول نہیں۔‘
عمران خان نے مزید کہا کہ ’ ہم نہ صرف شہباز گل کے خلاف ہونے والے تشدد بلکہ اس طرح کے غیرقانونی اور غیرآئینی کارروائیوں کے خلاف تمام سیاسی اور قانونی اقدامات اٹھائیں گے۔‘
قبل ازیں ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کی عدالت نے شہباز گل کو مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر اسلام آباد پولیس کے حوالے کیا تھا۔ 
عدالت نے سپیشل پبلک پراسیکیوٹر رضوان عباسی اور شہباز گل کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے دن تین بجے سنایا گیا۔
دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر کا کہنا ہے کہ  مرضی کا بیان حاصل کرنے کے لیے شہباز گل کا دوبارہ جسمانی ریمانڈ لیا گیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں اسد عمر نے کہا کہ شہبازگل پر جسمانی ریمانڈ کے دوران تشدد کیا گیا تھا جس کے شواہد انہوں نے عدالت میں دکھایا تھا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ یقین دہائی کرائی جائے کہ پولیس تحویل میں شہباز گل پر تشدد نہیں کیا جائے گا۔
اس موقع پر انہوں نے وزیردفاع خواجہ آصف کی جانب سے ہیلی کاپٹر کریش کے بعد منفی سوشل میڈیا مہم کا الزام پی ٹی آئی پر ڈالنے می مذمت کی۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ  شہباز گل کو تفتیش کے لیے نہیں تشدد کے لیے پولیس کے حوالے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے گل کو جسمانی ریمانڈ پر بھیجنے کے فیصلے پر تنقید کی۔

شیئر: