Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جس سانپ کی جان بچائی اسی نے انڈین شہری کی جان لے لی

جس سانپ نے دیویندر مشرا کو کاٹا وہ انتہائی زہریلا سنگچور سانپ تھا (فوٹو: وکی کامنس)
انڈیا کی ریاست اترپردیش میں ایک شخص اسی سانپ کے کاٹنے سے ہلاک ہو گیا، جس کو اس نے بچایا تھا۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق ضلع شاہجہان پور میں دیویندر مشرا نامی شخص کے پڑوسی کے گھر سے سانپ نکل آیا اور لوگ اس کو مارنے لگے تھے تاہم انہوں نے جا کر سانپ کو پکڑ لیا۔
مشرا جب سانپ کو پکڑ کر باہر آئے تو لوگ اکٹھے ہو گئے۔ انہوں نے سانپ کو اپنی گردن کے گرد لپیٹا اور لوگوں کو اس کے بارے میں بتا رہے تھے۔
اسی طرح انہوں نے سانپ کو اپنی چھوٹی بیٹی کے گلے میں ڈالا۔
اس موقع پر لوگوں نے اس کی ویڈیو بھی بنا لی جو اس وقت وائرل ہو رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سانپ انتہائی زہریلا تھا، تاہم مشرا نے اس کو سنجیدگی سے نہیں لیا تھا۔
اسی واقعے کی ایک اور ویڈیو بھی لوگ شیئر کر رہے ہیں جو اس وقت کی ہے جب وہ سانپ کو پکڑنے کی کوشش کر رہے تھے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ایک چھڑی کی مدد سے سانپ پکڑ رہے ہیں۔
سانپ پکڑنے کے دو گھنٹے بعد ہی اس نے مشرا کو کاٹ لیا۔
گاؤں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ سانپ کے کاٹنے کے بعد مشرا نے ہسپتال جانے کے بجائے خود ہی جڑی بوٹیوں سے علاج کی کوشش کرتے رہے۔
تھوڑی دیر بعد ان کی حالت خراب ہونا شروع ہوئی اور کچھ لوگوں نے ان کو ہسپتال لے جانے کی کوشش بھی کی تاہم وہ گھر کے اندر ہی دم توڑ گئے۔

شیئر: