Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کی نااہلی کی صورت میں پاکستان سری لنکا بن جائے گا: فواد چوہدری 

فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کل سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔ (فوٹو: اے پی پی)
پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کی نااہلی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور ایسا ہونے کی صورت میں پاکستان سری لنکا بن جائے گا۔ 
اردو نیوز سے خصوصی گفتگو میں فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ اب تک صرف عمران خان نے پاکستان کو سری لنکا بننے سے روکا ہوا ہے اور اگر کسی نے ان کو نااہل کرنے کی کوشش کی تو ملک کی سالمیت کا مسئلہ درپیش ہو جائے گا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا مطلب عمران خان ہے اور عمران خان کا مطلب پی ٹی آئی۔ 
’اگرعمران خان کسی وجہ سے نہیں ہیں تو پھر کچھ بھی نہیں ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ عمران کے خلاف بنائے گیے تمام مقدمات لغو ہیں اور ان سے کچھ برآمد نہیں ہو گا۔ 
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف حکومت کسی بھی وقت گر سکتی ہے اور اگر صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ آئی ایم ایف ڈیل کا حصہ بننے سے انکار کر دیں تو یہ نظام دھڑام سے نیچے آ گرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کئی طریقوں سے حکومت گرا سکتی ہے لیکن ان کی خواہش ہے کہ یہ فیصلہ شہباز شریف خود کریں اور مستقبل کا فریم ورک باہمی اتفاق سے طے ہو۔ 
ایک اور سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لیے ورکرز سب کچھ ہیں اور انہوں نے ورکرز کے جذبات صوبائی حکومتوں تک پہنچائے ہیں کیونکہ صوبائی حکومتیں 25  مئی کے واقعات کے حوالے سے توقعات پر پوری نہیں اتریں اور اس حوالے سے ورکرز کے جذبات ہیں۔  
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان جمعے کے روز سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ وہ پہلے مرحلے میں راجن پور جائیں گے اور اس کے فوری بعد سندھ جائیں گے۔
قبل ازیں اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھا عمران خان پر دہشت گردی کا کیس کرکے بین الاقوامی سطح پر بدنامی ہوئی، ان کے اوپر سے ایف آئی آر کینسل کروائیں گے۔
 فواد چوہدری نے کہا کہ ریاست عمران خان کو جھوٹے مقدمات میں نا اہل کرنے میں مصروف ہے۔ ’عمران خان کے خلاف نفرت انگیز مہم چلائی جا رہی ہے، ملک کی جگ ہنسائی کروائی گئی، 25 مئی کو عوام کے خلاف کارروائی کرنے والوں کے خلاف جلد سخت ایکشن ہوگا۔‘
فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کل سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے، ڈی جی خان اور راجن پور کے اضلاع میں سب سے پہلے ریلیف آپریشن کیا جائے گا۔
’سندھ اور بلوچستان میں حالات زیادہ خراب ہیں، سندھ کے عوام کا پیسہ باہر جا رہا ہے، مراد علی شاہ اور مریم اورنگزیب کی ریلیف کی اپیل کو عوام نے مسترد کردیا۔‘
 

شیئر: