Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ججوں کو دھمکیاں دینے کا الزام، رانا ثنا اللہ کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج

رانا ثنا اللہ کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ گجرات کے تھانے میں درج کیا گیا (فائل فوٹو: پی آئی ڈی)
پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے خلاف ججوں کو دھمکیاں دینے کے الزام میں دہشت گردی کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
رانا ثنا اللہ کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ گجرات کے تھانے میں درج کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ کے خلاف ایف آئی آر کنجاہ (گجرات) میں مسلم لیگ ق کے ایک مقامی رہنما کی درخواست پر درج کی گئی ہے۔
تھانہ انڈسٹریل اسٹیٹ فیز ٹو گجرات میں یہ ایف آئی آر مسلم لیگ ق کے مقامی رہنما شیخ شہکاز اسلم کی درخواست پر جمعرات کو درج کی گئی۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں رانا ثنا اللہ کے 16 اپریل 2021 اور 29 جنوری 2022 کے بیانات کے کلپ دیکھے۔
’ان ویڈیو کلپس میں رانا ثنا اللہ نے عدلیہ کے گھیراؤ، ان کو آئینی کام سے روکنے اور سرکاری اداروں کے ملازمین کو دھمکایا اور ان کے بچوں کو جان سے مارنے کی دھمکی دی۔‘
درخواست گزار کے مطابق ’رانا ثنا اللہ کی اس تقریر سے انتظامیہ، عدلیہ، پولیس، بیوروکریسی اور عوام الناس میں دہشت اور خوف و ہراس پھیل گیا۔‘
‘عدلیہ کا گھیراؤ کرنے، چیف سیکریٹری اور ان کے بچوں کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے، کمشنر اور انتظامیہ کو کام سے روکنے اور عوام میں دہشت پھیلانے پر رانا ثنا اللہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کی جائے۔‘

نواز شریف، مریم نواز کے خلاف اندراج مقدمہ کے لیے درخواست

دوسری جانب لاہور کے تھانہ گرین ٹاؤن میں سابق مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف، ان کی  بیٹی مریم نواز سمیت دیگر کے خلاف فوج مخالف بیانات پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست جمع کرا دی گئی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف نے اپنی گفتگو میں سپہ سالار قمر جاوید باجوہ کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

درخواست میں خواجہ آصف، سردار ایاز صادق اور پرویز رشید کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے یوسی 234 سے جنرل کونسلر ایڈووکیٹ محمد جمیل سلیم کی جانب سے یہ درخواست جمع کرائی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف نے اپنی گفتگو میں فوج کے سپہ سالار قمر جاوید باجوہ کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی اور دشمن قوتوں کو خوش کیا جبکہ مریم نواز نے فوج مخالف نعرے بازی کروائی۔
خواجہ آصف، سردار ایاز صادق اور پرویز رشید نے بھی پاکستانی فوج کے سپہ سالار کے خلاف بیان بازی کی۔

شیئر: