Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیٹ فلکس پر کون کون سی نئی ہندی فلمیں اور سیریز آرہی ہیں؟

فلم میں راج کمار راؤ افریقہ کے ملک انگولا سے آئے شہزادے کا کردار ادا کر رہے ہیں (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
نیٹ فلکس پر جہاں ہالی وُڈ اور کورین مواد کو خوب پسند کیا جاتا ہے وہیں شائقین ہندی فلموں اور ویب سیریز کو بھی پسند کرتے ہیں۔
کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث 2020 کے بعد ہندی فلم انڈسٹری کی زیادہ توجہ آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارمز پر فلمیں ریلیز کرنے کی رہی ہے جس میں فلم میکرز کو کامیابی بھی ملی ہے۔
اسی سلسلے میں نیٹ فلکس انڈیا نے پیر اور منگل کے روز اپنے پلیٹ فارم پر ریلیز ہونے والی ہندی فلموں کا اعلان کیا ہے، آئیے جانتے ہیں وہ فلمیں اور ویب سیریز کون سی ہیں۔

مونیکا او مائی ڈارلنگ:

مونیکا او مائی ڈارلنگ نیٹ فلکس پر جلد ریلیز ہونے والی ہندی فلم ہے جس میں راج کمار راؤ، رادھیکا آپٹے اور ہما قریشی مرکزی کردار نبھا رہے ہیں۔
مونیکا او مائی ڈارلنگ ایک ڈارک کامیڈی نوعیت کی فلم ہے جس کی کہانی تین لوگوں کے گرد گھومتی ہے جو ایک دوسرے کے ساتھ اچھوتی حرکتیں کرتے ہیں۔
فلم میں راج کمار راؤ افریقہ کے ملک انگولا سے آئے شہزادے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی اس فلم کی ریلیز کی تاریخ کو ابھی نہیں بتایا گیا ہے۔

خفیہ:

خفیہ نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی سنسنی سے بھرپور ایک اور ہندی فلم ہے جس میں علی فضل اور تبو مرکزی کردار ادا کریں گے۔
فلم ’خفیہ کی کہانی سنسنی اور ہارر نوعیت کی ہے جس میں کرداروں کو خوفناک حرکتیں کرتا دکھایا گیا ہے۔
وشال بَھرواج کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’خفیہ بھی جلد ریلیز کی جائے گی۔

 پلان اے، پلان بی:

پلان اے پلان بی رومانس کامیڈی نوعیت کی فلم ہے جس کی کہانی ایک میچ میکر یعنی رشتے کروانے والی لڑکی اور ایک وکیل کے گرد گھومتی ہے جو طلاق کے مسائل کا ماہر ہے لیکن یہ دونوں متضاد لوگ ایک دوسرے کو پسند کرنے لگ جاتے ہیں۔
فلم پلان اے پلان بی میں ریتیش دیش مکھ اور تمنا بھاٹیا مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

 جمتارا سب کا نمبر آئے گا:

سنہ 2020 میں ریلیز ہونے والی اس ویب سیریز کا دوسرا سیزن 23 ستمبر کو ریلیز کیا جائے گا۔
جمتارا سب کا نمبر آئے گا‘ کے پہلے سیزن کو بھرپور پذیرائی ملی تھی جس کے بعد دو سال اس سیریز کے دوسرے حصے کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
’جمتارا سب کا نمبر آئے گا‘ سیریز کی کہانی انڈیا کی ریاست جھارکھنڈ کے ضلع جمتارا میں ہونے والے فشنگ فراڈ یعنی فون کالز کے ذریعے  بینکنگ فراڈ کرنے کے گرد گھومتی ہے، جس کے خاتمے کے لیے سپیشل پولیس افسر کی خدمات لی جاتی ہیں۔

شیئر: