Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کپ: پاکستانی سپنرز کی عمدہ بولنگ، ہانگ گانگ کو 155 رنز سے شکست

محمد رضوان 78 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے (فوٹو: اے ایف پی)
ایشیا کپ ٹی20 کے چھٹے میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 155 رنز سے شکست دے کر سپر فور کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
جمعے کو شارجہ کرکٹ سٹیڈیم  میں 194 رنز کے تعاقب میں ہانگ کانگ کے بلے بازوں کی وکٹیں تاش کے پتوں کی طرح بکھرتی رہیں۔ کوئی بھی بیٹر ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا۔
گرین شرٹس کی جانب سے شاداب خان نے چار، محمد نواز نے تین اور نسیم شاہ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی اننگز کا احوال

اس سے قبل پاکستان نے ہانگ کانگ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔ محمد رضوان 78 اور خوش دل شاہ 35 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ ہانگ کانگ کی جانب سے احسن خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں کا ساتھ جلد ہی ختم ہوگیا، اور بابر صرف نو رنز بنا کر احسن خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

شاداب خان نے چار وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)

محمد رضوان اور ون ڈاؤن آنے والے فخر زمان کے درمیان 116 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی جس کے بعد فخر زمان 53 رنز بنا کر احسن خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
خوش دل شاہ اور محمد رضوان نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 64 رنز کا اضافہ کیا۔ بائیں ہاتھ کے جارحانہ بیٹر خوش دل شاہ نے آخری اوور میں چار چھکے لگائے۔
ہانگ کانگ کے خلاف میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس کے موقع پر کہا کہ ’ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے جبکہ وہ بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے۔‘

شیئر: