Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زیادتی کے بعد 14 برس کی لڑکی قتل، جھاڑکھنڈ میں مظاہرے

مظاہرین فوری انصاف کے لیے مطالبہ کر رہے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کی ریاست جھاڑکھنڈ کے ضلع دمکا میں 14 برس کی لڑکی کے ساتھ زیادتی کے بعد اس کی لاش کو درخت سے لٹکانے کا دلخراش واقعہ پیش آیا ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق 14 برس کی قبائلی لڑکی کو ایک شخص نے شادی کے تنازعے پر پہلے زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر قتل کرکے درخت سے لٹکا دیا۔
پولیس کے مطابق ارمان انصاری نامی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جو پیشے کے لحاظ کے فیکٹری کا ملازم ہے۔
ضلع دمکا میں زیادتی کا نشانہ بننے والی مقتول لڑکی حاملہ تھی۔
انڈین میڈیا کے مطابق متاثرہ لڑکی اپنی خالہ کے ساتھ رہتی تھی، جہاں اس نے ارمان انصاری نامی شخص سے شادی کرنے کا کہا لیکن ارمان نے اسے پہلے زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر قتل کرکے لاش کو لٹکا دیا۔
اس واقعے پر جھاڑکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین نے کہا ہے کہ ’دمکا میں آنے والے اس واقعے پر مجھے بہت افسوس ہے۔ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ میں نے دمکا پولیس کو حکم دیا ہے کہ ملزم کو قرار واقعی سزا دینے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔‘
جھاڑکھنڈ میں یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے پہلے 23 اگست کو ضلع دمکا میں ہی شاہ رخ نامی ایک شخص نے 16 سالہ لڑکی کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی تھی۔
لڑکی کے ساتھ ریپ اور قتل کے واقعے پر دمکا بھر میں شدید مظاہرے کیے جا رہے ہیں جس کے باعث شہر بھر کے کاروباری مراکز کو بند کر دیا گیا ہے اور علاقہ میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے اور سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
مظاہرین فوری انصاف کے لیے مطالبہ کر رہے ہیں اور حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے ’ایک دن ایک مقصد‘ کے تحت مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔

شیئر: