Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میرین کوالٹی میں مشرق وسطٰی میں سرفہرست

مملکت کے 426 جہازوں نے امریکی بندرگاہوں میں کارکردگی منوائی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے امریکی بندرگاہوں میں جہاز رانی کے معیاری نظام کی پابندی کی بنیاد پر میرین کوالٹی سرٹیفکیٹ (یو ایس سی جی) 21 ویں صدی حاصل کیا ہے۔ سعوی عرب مشرق وسطٰی میں پہلا اور دنیا بھر میں 26 واں ملک ہے جسے یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔ 
الاقتصادیہ کے مطابق حالیہ برسوں کے دوران امریکی بندرگاہ جانے والے سعودی جہازوں نے سمندری سلامتی اور ماحولیاتی ضوابط کی انتہائی پابندی کرکے اعزاز حاصل کیا ہے۔
سعودی جہازوں نے بین الاقوامی معاہدوں کے تقاضے  بھی پورے کیے اور ماحولیاتی سلامتی کے ضوابط کی پابندی بھی کی۔ اسی تناظر میں سعودی عرب نے میرین کوالٹی سرٹیفکیٹ (یو ایس سی جی) 21 ویں صدی حاصل کیا۔ 
یہ اعزاز سعودی عرب کے لیے بڑی کامیابی ہے, سعودی عرب کے 426 جہازوں نے امریکی بندرگاہوں میں اپنی کارکردگی منوائی ہے۔
اس اعزاز کی بدولت سعودی جہازوں کو علاقائی سمندر اور امریکی بندرگاہوں سے گزرنے کے سلسلے میں سہولتیں حاصل ہوں گی۔ یہ امریکہ اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعلقات کے استحکام اور تجارتی لین دین کے فروغ کا بھی باعث بنے گا۔

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: