Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چوتھا ٹی20، پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو شکست دے دی

محمد حسنین نے الیکس ہیلز کو پویلین بھیج دیا جن کا شاندار کیچ عثمان قادر نے ڈائیو لگا کر پکڑا۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان نے انگلینڈ کو چوتھے ٹی20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین رنز سے شکست دے دی ہے۔ 
اتوار کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں شائقین کرکٹ کو ایک زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا۔
میچ جیتنے کے لیے 167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم آخری اوور میں 163 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم ابتدا سے ہی دباؤ کا شکار رہی اور ایک وقت میں جب سات کھلاڑی آؤٹ تھے تو پاکستان کی پوزیشن مضبوط نظر آرہی تھی مگر پھر میچ کے 18 ویں اوور میں انگلش بلے باز لیام ڈاسن نے 24 رنز بنا لیے۔
انہوں نے محمد حسنین کی پہلی گیند پر چھکا لگایا، اگلی گیند پر چوکا جو نو بال بھی تھی۔ اگلی گیند پر چوکا اور اس سے اگلی گیند بھی لیام ڈاسن نے باؤنڈری سے باہر بھیجی۔
محمد حسنین جنہوں نے پہلے تین اوورز میں صرف 16 رنز دیے تھے چوتھے اوور میں پٹائی کے بعد چار اوورز میں 40 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کر سکے۔
آخری دو اوورز میں انگلش ٹیم کو جیت کے لیے صرف دس رنز درکار تھے اور اس کے پاس تین وکٹیں باقی تھیں۔
پاکستانی کے لیے مایوس کن حالات میں حارث رؤف نے دو گیندوں پر دو انگلش کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کر ٹیم کو امید دلائی۔
حارث رؤف نے چار اوورز میں 32 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ ان کو مین آف دی میچ بھی قرار دیا گیا۔
آخری اوور میں انگلینڈ کو جیت کے لیے چار رنز درکار تھے اور اس کے بلے بازوں کی آخری جوڑی وکٹ پر تھی۔
وسیم جونیئر کی پہلی گیند کو ٹوپلے نے شارٹ مڈ آن کی جانب کھیل کر رنز لینے کی کوشش کی مگر عادل رشید دوسرے اینڈ پر رن آؤٹ ہونے سے بچ گئے۔
اگلی گیند پر ٹوپلے نے پھر گیند کو اسی پوزیشن پر کھیلا اور رنز لینے کے لیے دوڑ پڑے۔ شان مسعود چوکس کھڑے تھے جن کی تھرو سیدھی نان سٹرائیکنگ اینڈ کے سٹمپ کو لگی اور پاکستانی کھلاڑی جیت کی خوشی منانے لگ گئے۔

حارث رؤف نے چار اوورز میں 32 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)

انگلینڈ کی اننگز
انگلش ٹیم کو پہلا نقصان فل سالٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ پہلے اوور میں دو چوکے لگانے کے بعد محمد نواز کو اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں سالٹ کیچ آؤٹ ہوئے۔
دوسرے اوورز میں محمد حسنین نے الیکس ہیلز کو پویلین بھیج دیا جن کا شاندار کیچ عثمان قادر نے ڈائیو لگا کر پکڑا۔
انگلینڈ کے ول جیکس بغیر کوئی رنز بنائے حسنین کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ انہوں نے تین گیندیں کھیلیں۔ چھٹے اوور میں حارث رؤف کی گیند پر محمد نواز نے ہیری بروک کا آسان کیچ ڈراپ کیا۔
آٹھویں اوور میں محمد نواز نے خطرناک نظر آنے والے بین ڈکٹ کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ انہوں نے 24 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔ 
محمد نواز کے تیسرے اوور میں بروک اور کپتان معین علی نے 19 رنز جوڑے۔
محمد نواز نے اپنے چوتھے اوورز میں انگلش کپتان معین علی کو کلین بولڈ کیا۔ انہوں نے 20 گیندوں پر 29 رنز بنائے۔
کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد اگلے اوور میں وسیم جونیئر نے ہیری بروک کو پویلین بھیج دیا۔ وہ ایک اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ بروک نے 29 گیندوں پر 34 رنز بنائے۔
لیام ڈاسن نے 26 گیندوں پر 34 رنز بنائے۔
سپنر محمد نواز نے چار اوورز میں 35 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ افتخار احمد نے چار اوورز میں 23 رنز دیے۔
پاکستان کی اننگز
پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔
کپتان بابر اعظم 28 گیندوں پر 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ڈاسن کی گیند پر ڈکٹ نے اُن کا کیچ تھاما۔
 شان مسعود آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے جو 19 گیندوں 21 رنز بنا سکے۔ وہ ڈیوڈ ولی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد خوشدل شاہ دو رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
محمد رضوان آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی تھے جنہوں نے 67 گیندوں پر 88 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
آخری اوور میں آصف علی کے دو فلک شگاف چھکوں نے پاکستان کو نسبتا بہتر ٹوٹل تک پہنچنے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے تین گیندوں پر 13 رنز سکور کیے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کے ریس ٹوپلے نے چار اوورز میں 37 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ڈیوڈ ولی نے چار اوورز میں 31 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ کے کپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
انگلینڈ کی ٹیم میں تین تبدیلیاں جبکہ پاکستان نے دو تبدیلیاں کیں۔
پاکستانی ٹیم میں چوتھے ٹی20 میچ کے لیے شاہنواز دہانی کی جگہ وسیم جونیئر اور حیدر علی کی جگہ آصف علی کو شامل کیا گیا۔
دوسری جانب سے انگلیںڈ کی پلیئنگ الیون میں ملان کی جگہ الیکس ہیلز جبکہ ڈیوڈ ولی کو سیم کورن کی جگہ شامل کیا گیا۔
انگلینڈ کے اولے سٹون نے آج اپنے ٹی20 کیریئر کا آغاز کیا۔

کپتان بابر اعظم 28 گیندوں پر 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فوٹو: اے ایف پی

سات ٹی20 میچز کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو میچز جیت کر برتری حاصل ہے۔
تیسرے ٹی20 میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 63 رنز سے شکست دے دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے دس وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔
سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی تھی۔
حالیہ سیریز میں کراچی میں کھیلا جانے والا یہ آخری میچ ہے جس کے بعد دونوں ٹیمیں مزید تین ٹی20 میچ کھیلنے کے لیے لاہور جائیں گی۔

شیئر: