Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لِز ٹرس کا ’اعتراض‘، شاہ چارلس سوئم کلائمیٹ کانفرنس میں شریک نہیں ہوں گے

پچھلے ماہ شاہ چارلس سوئم سے وزیراعظم لِز ٹرس کی ملاقات ہوئی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
برطانیہ کی نئی منتخب وزیراعظم لِز ٹرس کے ’اعتراض‘ کے بعد شاہ چارلس سوئم موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے ہونے والی کانفرنس میں شریک نہیں ہوں گے۔
برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق گزشتہ ماہ بکھنگم پیلیس میں شاہ چارلس سوئم سے وزیراعظم لِز ٹرس کی ملاقات ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے کانفرنس میں شرکت کا ارادہ تبدیل کر دیا تھا۔
 حال ہی میں عہدہ سنبھالنے والے شاہ چارلس سوئم نے اگلے ماہ مصر میں ہونے والی کانفرنس میں شریک ہونا تھا اور خطاب بھی کرنا تھا۔
بکھنگم پیلیس کی جانب سے بھی تصدیق کر دی گئی ہے کہ شاہ چارلس سوئم کانفرنس میں شریک نہیں ہوں گے۔
شاہی خاندان کے اہم ذرائع نے اخبار کو بتایا کہ ’یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے کہ شاہ چارلس سوئم کو دعوت دی گئی تھی جو کہ عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کا پہلا غیرملکی دورہ تھا، جس کا انہوں نے سوچ سمجھ کر ہی فیصلہ کرنا تھا اور یہی کیا۔‘
اخبار کے مطابق ’ان کا کہنا تھا کہ ’اقدام (شاہ کی عدم شرکت) کا فیصلہ حکومت کے مشورے پر کیا گیا ہے اور یہ یاد دلانے کے لیے کیا گیا ہے کہ وہ حکومت کے مشورے پر عمل کرتے ہیں۔‘

ماضی میں چارلس سوم موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

تاہم یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ’ابھی تک یہ معاملہ زیرغور ہے کہ شاہ چارلس سوئم کانفرنس میں اپنی موجودگی کیسے ممکن بنائیں گے۔‘
ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ چارلس سوئم عدم شرکت کے باعث ’ذاتی طور پر مایوس‘ ہوں گے کیونکہ ان کے وہاں جانے کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے تھے جبکہ اس سے متعلق دیگر معاملات بھی طے کر لیے گئے تھے جن میں کانفرنس کے بعد شاہ چارلس کی وہ ملاقاتیں بھی شامل تھیں جو انہوں نے کاروباری افراد سے کرنا تھیں اور بتانا تھا کہ کاروبار کو کس طرح ماحول دوست بنایا جائے۔
 73 سالہ شاہ چارلس سوئم اس سے قبل ماحولیات کے حوالے سے ہونے والی کانفرنسز میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں، اسی حوالے سے 2015 میں پیرس ہونے والی کوپ 21 میں انہوں نے تقریر کی تھی۔
تقریر میں انہوں نے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ’فوجی انداز میں مہم‘ چلانے پر زور دیا تھا اور کہا تھا کہ عالمی رہنما اس کے لیے اربوں نہیں کھربوں ڈالر مختص کریں۔
انہوں نے کانفرنس سے قبل عالمی رہنماؤں اور کاروباری شخصیات کو موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پیرس کے معاہدے پر دستخط پر آمادہ کرنے میں کردار ادا کیا تھا۔

شاہ چارلس سوئم آلودگی کے تدارک کے لیے ’جنگی بنیادوں پر‘ کام کرنے پر زور دیتے رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

گزشتہ سال انہوں نے گلاسکو میں ہونے والی کوپ 26 میں بھی خطاب کیا تھا اور دنیا کو پیغام دیا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے مسئلے سے ’جنگی بنیادوں‘ پر نمٹا جائے۔
اسی موقع پر انہوں نے امریکہ کے نمائندہ برائے ماحولیات جان کیری کو برطانیہ آنے کی دعوت دی تھی۔
جون میں ہونے والی شاہی خاندان کی پلاٹینم جوبلی تقریبات میں پرنس ولیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے ماحولیات کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے جو تصویریں دیکھی ہیں اس سے مجھے فخر کا احساس ہو رہا ہے کہ میرے دادا اور والد نے اس حوالے بہت کام کیا۔
خیال رہے شاہ چارلس نے رواں ماہ ہی عہدہ سنبھالا ہے جو ان کی والدہ ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال کے بعد خالی ہوا تھا۔

شیئر: