Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایوان صدر کی ملاقات میں این آر او نہ ملنے پر عمران خان نے تنقید شروع کردی‘

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے ٹیکسلا کے جلسے میں فوج کے بارے میں بدتمیزی کی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں حکمران اتحاد میں شامل جماعت مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کی واپسی مخالفین کے چہرے پر زناٹے دار تھپڑ ہے۔
منگل کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو اسحاق ڈار کی واپسی سے اس لیے تکلیف ہے کہ اب ملکی معیشت بہتری کی طرف جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کی واپسی کو این آر او قرار دینے والے عمران خان نے خود کئی این آر او لیے۔ ’فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ کیس میں عمران خان مجرم ثابت ہوا۔ این آر او اس کو کہتے ہیں کہ جو حلیمہ باجی کو ملا ہے۔‘
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان جانتے ہیں کہ پاکستان کی معیشت بہتر ہو گئی تو اُن کو کون پوچھے گا۔ 
انہوں نے تحریک انصاف کے چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ شخص رات تک ایوان صدر میں خفیہ ملاقاتیں کرتا ہے، این آر او مانگتا ہے اور جب این آر او نہیں ملتا تو جلسوں میں الزامات لگاتا ہے۔‘
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ عمران خان نے ’ایک ایماندار افسر کو اس لیے نکال دیا کہ اس نے کہا تھا کہ آپ کی اہلیہ پنکی پیرنی رشوت میں ہیروں کے ہار لے رہی ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ٹیکسلا کے جلسے میں فوج کے بارے میں بدتمیزی کی۔
انہوں نے تحریک انصاف کے چیئرمین کے بیانات کی ویڈیوز پراجیکٹر پر چلا کر کہا کہ ’جب عمران خان اقتدار میں تھے تو ان کے لیے جنرل باجوہ اور افواجِ پاکستان بہت اچھی تھیں مگر اب وہ اُن کے خلاف بولتے ہیں۔‘
ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ ’نواز شریف کی وطن واپسی کا راستہ صاف ہے۔ انہوں نے کب واپس آنا ہے اس کا فیصلہ وہ خود کریں گے۔‘ 

مریم نواز نے الزام لگایا کہ عمران خان نے ٹیکسلا کے جلسے میں فوج کے بارے میں بدتمیزی کی۔ فوٹو: سکرین گریب

مریم نواز نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ ’ہمیں حکومت ہوتے ہوئے بھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی۔ عمران خان گناہ گار ہے اور اس کی گردن تک قانون کے ہاتھ پہنچیں گے اور اس کو سزا ملے گی تب لیول پلیئنگ فیلڈ ہوگی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان پر بہت سنگین الزامات ہیں۔ انصاف ہوگا تو عمران خان جیل کی سلاخوں کے پیچھے پڑا ہوگا۔‘

شیئر: