Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر کی دھمکی، ’اسلحے سمیت اسلام آباد آئیں گے‘

عمران خان پر وزیر آباد میں لانگ مارچ کے دوران فائرنگ ہوئی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
خیبر پختونخوا کے سماجی بہبود کے وزیر انور زیب نے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کو اسلحہ سمیت اسلام آباد آنے کی دھمکی دی ہے۔
جمعرات کو صوبہ پنجاب کے شہر وزیر آباد میں عمران خان پر فائرنگ کے بعد پشاور میں احتجاج کرتے ہوئے صوبائی وزیر انور زیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’پختون اسلحے سمیت اسلام آباد پہنچیں گے اور آپ کو جواب دیا جائے گا۔‘
دوسری جانب رکن صوبائی اسمبلی فضل الٰہی نے کارکنوں سے خطاب کے دوران عمران خان پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی اس واقعے میں ملوث پایا گیا تو وہ خود عمران خان کا بدلہ لیں گے۔
انسانی حقوق کی تنظیموں نے پی ٹی آئی کے صوبائی رہنماؤں کی جانب سے اسلحہ لے جانے اور بدلہ لینے کی دھمکی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کے انسانی حقوق کے کمیشن ایچ آر سی پی نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے انتقامی کارروائیوں سے متعلق بیانات کی مذمت کی اور کہا کہ اس سے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔
رکن صوبائی اسمبلی فضل الہی کی قیادت میں کارکنوں نے نہ صرف پشاور کے حساس علاقے میں جمع ہوکر نعرے بازی کی  بلکہ کارکنوں کی بڑی تعداد نے وزیراعلٰی ہاؤس تک مارچ کیا۔
پشاور میں صوبائی اسمبلی چوک پر مظاہرین نے پولیس کی بکتر بند گاڑی پر دھاوا بھی بولا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
پولیس حکام نے کہا ہے کہ ویڈیو میں دیکھے جانے والے افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق ’کچھ افراد نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جن کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔‘

شیئر: