Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیسلا کے چار ارب ڈالر کے حصص فروخت، ایلون مسک کی دولت میں کمی

دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی دولت 200 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ فوٹو: روئٹرز
الیکٹرک کاریں بنانے والی امریکی کمپنی ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلون مسک نے کمپنی کے چار ارب ڈالر مالیت کے حصص فروخت کر دیے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق منگل کو امریکی سیکیورٹیز فائلنگ سے ظاہر ہوا ہے کہ ایلون مسک نے تقریباً 19 لاکھ شیئرز فروخت کیے۔
سوشل میڈیا کمپنی ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالر میں خریدنے کے بعد ایلون مسک مسلسل خبروں میں ہیں اور اب دنیا کے امیر ترین شخص کی دولت 200 ارب ڈالر سے کم ہو گئی ہے۔
تازہ ترین فروخت سے ایلون مسک کے فروخت کردہ ٹیسلا سٹاک کی کل قیمت تقریباً 20 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
رواں سال اپریل میں ٹوئٹر خریدنے کے بعد ایلون مسک نے اگست تک ٹیسلا کے 15 ارب 40 کروڑ ڈالر کے مشترکہ حصص فروخت کیے۔ تاہم انہوں نے کہا تھا کہ مزید فروخت کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
دنیا کے سب سے امیر شخص ایلون مسک نے گزشتہ ماہ 44 بلین ڈالر کے معاہدے میں ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالا ہے اور اب کمپنی کے آدھے عملے کو برطرف کرنے اور بلیو ٹِک کے تصدیقی نشان کے لیے آٹھ ڈالر ماہانہ وصول کرنے کے منصوبے سمیت سخت اقدامات میں مصروف ہیں۔
اپریل میں خریداری کی پیشکش قبول ہونے کے فوراً بعد ایلون مسک نے ٹوئٹر ڈیل سے پیچھے ہٹنے کی کوشش کی، اور جولائی میں کہا تھا کہ وہ معاہدہ منسوخ کر رہے ہیں کیونکہ جعلی اور ’بوٹ‘ اکاؤنٹس کی تعداد کے بارے میں ٹوئٹر نے انہیں گمراہ کیا تھا۔
کمپنی کی طرف سے ایلون مسک کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا گیا تھا۔

ایلون مسک ٹوئٹر کی خریداری کے باعث گزشتہ چند ماہ سے مسلسل خبروں میں ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

عدالت میں مقدمے کی باقاعدہ سماعت کے آغاز سے قبل ہی ایلون مسک نے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کا اعلان کیا۔
سوشل میڈیا ایپ ٹوئٹر کی مکمل ادائیگی کے بعد اس میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ٹوئٹر کو سٹاک مارکیٹ سے نکالنے کے فیصلے نے ایلون مسک کو تیزی سے بڑی تبدیلیاں کرنے کی اجازت تو دے دی ہے لیکن اس نے کمپنی کو مزید قرضوں میں بھی جکڑ لیا ہے۔

شیئر: