الفجیرہ میں یوم وطنی پر ٹریفک جرمانوں میں 50 فیصد رعایت
شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ رعایت سے فائدہ اٹھائیں اور جرمانے ادا کردیں( فوٹو امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات کی الفجیرہ ریاست میں یوم وطنی کی مناسبت سے ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانوں میں 50 فیصد رعایت کا اعلان کیا گیاہے۔
الامارات الیوم کے مطابق الفجیرہ کے ولی عہد شیخ محمد بن حمد الشرقی نے ریاست کی پولیس کو ہدایت جاری کی کہ’ 26 نومبر سے قبل رجسٹرڈ ٹریفک خلاف ورزیوں پر قومی دن کی مناسبت سے جرمانوں میں پچاس فیصد تک رعایت دی جائے‘۔
’ٹریفک پوائنٹ منسوخ کردیے جائیں اور 29 نومبر سے 60 دن کے لیے گاڑیوں کو قبضے میں لینے کی فیس ختم کردی جائے تاہم بڑی خلاف ورزیوں پر مقرر جرمانوں میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی‘۔
الفجیرہ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل, محمد الکعبی نے کہا ہے کہ ’الفجیرہ کے ولی عہد نے یہ فیصلہ متحدہ عرب امارا ت کے یوم وطنی پر مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو جشن میں شامل کرنے کے لیے کیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ الفجیرہ پولیس سرکاری اقدامات کے نفاذ میں سنجیدہ ہے۔ مقامی شہری اور مقیم غیرملکی یوم وطنی کی خوشیاں سکون سے منائیں‘۔
محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر کرنل صالح الظنحانی نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے اپیل کی کہ’ وہ پہلی فرصت میں خلاف ورزیوں کی رقم جمع کرادیں۔ مہلت کے دوران رعایت سے فائدہ اٹھائیں اور جرمانے ادا کردیں۔’