Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایرانی حکومت کو ’قاتل‘ قرار دینے پر سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی بھانجی گرفتار

فریدہ مراد خانی کا تعلق خامنہ ای کے خاندان کی اس شاخ کے ساتھ ہے جو ایران کی مذہبی قیادت کی مخالف رہی ہے۔
انسانی حقوق کی کارکن اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی بھانجی فریدہ مراد خانی کو ایرانی حکام نے ایرانی حکومت کو ’قاتل اور بچوں کو مارنے والی‘ قرار دیتے ہوئے ایک ویڈیو ریکارڈ کرانے پر گرفتار کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فریدہ مراد خانی کے بھائی محمود مراد خانی نے تصدیق کرتے ہوئے ٹویٹ کی ہے کہ ان کی بہن کو بدھ کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ بلانے پر پراسکیوٹر کے دفتر گئی تھیں۔
فریدہ مراد خانی کا تعلق خامنہ ای کے خاندان کی اس شاخ کے ساتھ ہے جو ایران کی مذہبی قیادت کی مخالف رہی ہے۔
فریدہ کے بھائی نے ہفتے کو ان کے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو شئیر کی جس میں انہوں نے ایرانی شہریوں کو جبر کا نشانہ بنانے کی مذمت کی اور کوئی قدم نہ اٹھانے پر عالمی برداری پر تنقید کی۔
ان کا کہنا تھا: ’آزاد لوگو، ہمارا ساتھ دو۔ اپنی حکومتوں کو بتاؤ کہ وہ اس قاتل اور بچوں کو ہلاک کرنے والی انتظامیہ کی حمایت بند کریں۔ یہ رجیم اپنے کسی مذہبی اصول کی وفادار نہیں ہے اور طاقت کے سوا کسی قانون یا قاعدے  کو نہیں جانتی اور اپنی طاقت کو ہر ممکن طریقے سے برقرار رکھتی ہے۔‘
دوسری جانب ایران کے عدالتی حکام نے اتوار کو تصدیق کی کہ ایرانی ریپر توماج صالحی جنہوں نے حکومت مخالف مظاہروں کی حمایت کی ان پر ’فساد فی الارض‘ کا الزام عائد کیا گیا ہے اور انہیں سزائے موت دی جا سکتی ہے۔

ایرانی سکیورٹی فورسز کی مظاہرین پر فائرنگ سے درجنوں ہلاکتیں

خیال رہے جمعے کو ایرانی سکیورٹی فورسز نے جنوب مشرقی صوبے سیستان بلوچستان میں نماز کے بعد ہونے والے مظاہروں پر فائرنگ کی تھی جس کے  نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے تھے
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایران نے مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔
مظاہرین نے رواں ہفتے کردستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ملک گیر مظاہروں کی کال دی تھی۔
ایران کے چند سنی اکثریتی شہروں میں سے ایک سیستان بلوچستان کے دارالحکومت زاہدان کی ایک ویڈیو میں جمعے کو مظاہرین کو ’کردستان، کردستان، ہم آپ کی حمایت کریں گے‘ کے نعرے لگاتے سنا گیا۔

شیئر: