Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: حادثہ قتل نکلا، ’انشورنس کی رقم کے لیے بیوی کو مروایا‘

مہیش نے شالو کو مروانے کے لیے جرائم پیشہ شخص کی خدمات حاصل کیں (فوٹو: این ڈٰی ٹی وی)
انڈیا میں ایک شخص نے انشورنس کی بھاری رقم کی خاطر بیوی کو منصوبہ بندی کے تحت کچھ یوں قتل کیا کہ واقعہ حادثہ لگے تاہم بعد ازاں بھانڈا پھوٹ گیا۔
ریاست راجستھان کے شہر جے پور کے رہائشی مہیش چاند نے اپنی بیوی شالو کو ان کے کزن راجو کے ساتھ موٹر سائیکل پر مندر جانے کا کہا اور راستے میں ان کی موٹر سائیکل کو ایک گاڑی نے ٹکر مار دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئیں جبکہ ان کا کزن بعد ازاں ہسپتال میں چل بسا۔
بظاہر یہ روڈ حادثہ لگ رہا تھا تاہم پھر بھی گھر والوں کو شک تھا، جس کی بنا پر پولیس نے تحقیقات شروع کیں۔
پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مہیش چاند نے انشورنس کی ایک کروڑ 90 لاکھ کی رقم حاصل کرنے کے لیے سازش رچائی تھی۔
ڈپٹی کمشنر پولیس ویندتہ رانا نے بدھ کو صحافیوں کو بتایا کہ مہیش چاند نے اپنی بیوی شالو کی 40 سال کے لیے انشورنس کرا رکھی تھی۔
انشورنس کے مطابق قدرتی موت کی صورت میں ایک کروڑ جبکہ حادثاتی موت کی صورت میں ایک کروڑ 90 لاکھ انڈین روپے ادا کیے جانا تھے۔
ڈپٹی کمشنر پولیس ویندتہ رانا کا کہنا تھا کہ اپنے مںصوبے پر عمل کے لیے مہیش چاند نے ایک مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے شخص مکیش سنگھ راٹھو کی خدمات حاصل کیں، اور 10 لاکھ میں سودا طے پایا جن میں سے پانچ لاکھ روپے ایڈوانس میں ادا کیے گئے۔

حادثے کے بعد گھر والوں کے شک پر پولیس نے تفتیش کا آغاز کیا (فوٹو: پی ٹی آئی)

جبکہ مکیش سنگھ راٹھور نے منصوبہ کامیاب بنانے کے لیے آگے کچھ لوگوں کی خدمات حاصل کیں۔
منصوبے کے مطابق گاڑی میں سوار افراد نے جان بوجھ کر شالو اور ان کے کزن کی موٹر سائیکل کو ٹکر ماری اور فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق شالو نے 2015 میں مہیش چاند سے شادی کی تھی اور ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔
تاہم دو سال بعد ان کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے جس کے باعث وہ اپنے والدین کے گھر منتقل ہو گئیں اور 2019 میں انہوں نے مہیش پر گھریلو تشدد کا کیس بھی درج کرایا تھا۔
مہیش چاند نے انشورنس کرانے سے قبل شالو کے ساتھ تعلقات بہتر کیے اور انشورنس کرانے کے بعد کہا کہ انہوں نے ایک منت مانی ہے جس کے لیے ضروری ہے کہ وہ (شالو) مسلسل گیارہ روز تک ہنومان کے مندر جائیں، اور ساتھ ہی یہ بھی تاکید کی کہ وہ منت کے بارے میں کسی کو نہ بتائیں۔
مہیش چاند نے شالو کو یقین دلایا تھا کہ منت پوری ہوتے ہی وہ انہیں گھر لے جائے گا۔
منت پوری کرنے کی غرض سے شالو نے اپنے کزن کے ساتھ موٹر سائیکل پر مندر جانا شروع کیا۔
مہیش نے پولیس کو بتایا کہ پانچ اکتوبر کو جب شالو اپنے کزن راجو کے ساتھ نکلیں تو مکیش سنگھ راٹھور نے ساتھیوں سمیت ان کا پیچھا کیا اور گاڑی اوپر چڑھا دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مہیش چاند کے انکشاف کے بعد مکیش سنگھ اور اس کے ساتھیوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

شیئر: