Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانوی جج کی بائیک چرانے کی کوشش پر دو نوجوانوں کو سزا

گرفتاری کے بعد دونوں نوجوانوں نے اعتراف جرم کیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
برطانوی دارالحکومت لندن کی عدالت کے باہر سے ایک جج کی قیمتی موٹر سائیکل چرانے کی کوشش پر دو نوجوانوں کو 18 ماہ کی سزا سنائی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق لندن کے رہائشی 19 اور 18 سالہ دو نوجوانوں نے شمال مشرقی لندن کی عدالت کے باہر سے ایک جج کی 15 ہزار پاؤنڈ مالیت کی بی ایم ڈبلیو موٹر بائیک چرانے کی کوشش کی۔
چوری کی واردات میں 19 سالہ روجرز بیرٹ اور ان کے 18 سالہ ساتھی شے ہالس کے ساتھ ایک تیسرا شخص بھی ملوث تھا جس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔
عدالت کے باہر موجود سکیورٹی گارڈ نے جب نوجوانوں کو روکنے کی کوشش کی تو شے ہالس نے گارڈ پر چاقو نکالا اور دھمکی دی۔
 تاہم سکیورٹی عملے نے فوری کارروائی  کرتے ہوئے عمارت کا گیٹ بند کر دیا جس پر دونوں نوجوان اندر پھنس گئے۔
گیٹ بند ہونے کی صورت میں نوجوانوں نے جج کی قیمتی موٹر بائیک وہیں چھوڑی اور بھاگ نکلے، ساتھ ہی اپنی ایک چھوٹی موٹر سائیکل سمیت ہیلمٹ اور چاقو بھی پیچھے چھوڑ آئے۔
تاہم لندن میٹروپالیٹن پولیس نوجوان کی موٹرسائیکل کی رجسٹریشن اور فارنزک شواہد کے ذریعے مجرم تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔
بعد ازاں مجرم روجرز بیرٹ نے پولیس کو فون کر کے رپورٹ بھی کیا تھا کہ چاقو کی نوک پر ان سے موٹر سائیکل اور موبائل فون چوری کیا گیا ہے۔
گرفتاری کے بعد نوجوانوں نے چوری کے جرم کا اعتراف کیا ہے۔
عدالت نے چوری کی کوشش کے جرم میں روجرز بیرٹ کی قید کی سزا معطل کرتے ہوئے 18 ماہ کے لیے کمیونٹی کے لیے کام کرنے کا حکم دیا ہے۔
جبکہ دوسرے نوجوان ہالس کو 12 گھنٹے بغیر تنخواہ کام کرنے اور متاثرہ شخص کو 500 پاؤنڈ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

شیئر: