Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپین کو اپ سیٹ شکست دے کر مراکش پہلی بار کوارٹر فائنل میں

ہسپانوی کھلاڑی پینلٹی شُوٹ آؤٹ پر کوئی گول کرنے میں ناکام رہے (فوٹو: اے ایف پی)
فٹ بال ورلڈ کپ میں اب تک ہونے والے متعدد اپ سیٹس نے شائقین کو ذہنی طور پر تیار کر دیا تھا کہ کسی بھی وقت کچھ نیا ہو سکتا ہے لیکن یہ توقع کسی نے کم ہی کی ہو گی کہ کوارٹر فائنل مرحلے پر پہنچنے کے لیے کوئی نیا اپ سیٹ ہو سکے گا۔
قطر میں جاری فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 16 کے ناک آؤٹ میچ میں منگل کو مراکش نے سپین کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کردیا۔
مراکش اور سپین کا میچ پینلٹی شوٹ آؤٹ مرحلے تک پہنچا اور مراکش نے پہلی مرتبہ کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تو یہ فٹ بال شائقین کے لیے ایک دلچسپ مرحلہ ثابت ہوا۔
میچ کے 90 منٹ فیصلہ کن ثابت نہ ہوئے تو دونوں ٹیموں کو 30 منٹ کا اضافی وقت دیا گیا۔ اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کر سکی تو فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ کے مرحلے پر پہنچا۔
مراکش کی ٹیم نے چار پینلٹی ککس میں سے تین پر گول کر دیے جبکہ ہسپانوی ٹیم پہلی تینوں پینلٹی ککس پر کوئی گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔
سابق عالمی چیمپیئن سپین کے کھلاڑی اپنی ابتدائی کوششوں میں ہی ناکام رہے جب کہ مراکش کے کھلاڑیوں نے سوائے ایک کے کوئی موقع ضائع نہ کیا اور یوں فیفا ورلڈ کپ 2022 کا یہ اہم مقابلہ تین، صفر سے مراکش کے نام رہا۔
میچ کی خاص بات مراکش کے گول کیپر کی شاندار کارکردگی رہی، جنہوں نے سپین کی جانب سے گول کرنے کی چار کوششیں ناکام بنا دیں۔ ان کے نپے تلے اور پراعتماد انداز کے سامنے سپین کا کوئی بھی کھلاڑی فٹ بال کو گول پوسٹ کے اندر پھینکنے میں کامیاب نہیں ہوا۔
فٹ بال شائقین نے اس دلچسپ مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے پر مراکش کے کھلاڑیوں، ٹیم اور انتطامیہ کو مبارک باد دی تو پاکستان کے فٹ بال فینز بھی اپنے جذبات کے اظہار میں پیچھے نہ رہے۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں مراکش کے نام اور جھنڈے کے ساتھ لکھا کہ ’کیا ہی اختتام ہے۔‘
پاکستان کے ٹرینڈز پینل میں ’مراکش‘ سرفہرست بنا تو اس لفظ کے ساتھ کی گئی ٹویٹس کی تعداد ساڑھے چار لاکھ سے تجاوز کر چکی تھی۔

شیئر: