Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عدالت کا اعظم سواتی پر بلوچستان میں درج مقدمات ختم کرنے کا حکم

جسٹس عبدالحمید نے ایک ہی کیس میں کئی ایف آئی آرز درج کرنے پر برہمی کا اظہار کیا (فائل فوٹو: پِکس ہیئر)
بلوچستان ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم خان سواتی کے خلاف بلوچستان میں درج تمام مقدمات ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔ 
اس حوالے سے بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس عبدالحمید بلوچ نے پیر کے روز اپنا محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔
سینیٹر اعظم سواتی پر پاکستانی فوج کے سربراہ کے خلاف تقریر اور ٹویٹ کرنے پر بلوچستان کے علاقے وندر، بیلہ اور چمن میں تین مقدمات درج تھے۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے ہائی کورٹ میں مقدمات ختم کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔ 
بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس ہاشم کاکڑ نے اعظم سواتی کے خلاف بلوچستان میں درج پانچ مقدمات پہلے ہی ختم کرکے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔
کوئٹہ کی کچلاک پولیس نے اعظم سواتی کو اسلام آباد سے گرفتار کرکے کوئٹہ منتقل کیا تھا۔ 
اعظم سواتی کے وکیل نصیب اللہ ترین نے گذشتہ سماعت پر عدالت کو بتایا تھا کہ ’پانچ مقدمات ختم کرنے کے بعد پولیس کی جانب سے پُرانی تاریخوں میں دو نئے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔‘
عدالت نے پولیس سے ریکارڈ طلب کیا تو ایک اور مقدمہ بھی سامنے آیا۔ 
جسٹس عبدالحمید نے ایک ہی کیس میں اتنی ایف آئی آرز درج کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کو نئے مقدمات درج کرنے سے روک دیا تھا۔ 
جج نے ریمارکس دیے تھے کہ ’اس سے اچھا تھا کہ اعظم سواتی کے خلاف موٹرسائیکل چوری کا مقدمہ بھی درج کرلیتے۔‘ 

شیئر: