Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی ٹیسٹ: دوسرے روز نیوزی لینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 165 رنز بنا لیے

سرفراز احمد اور بابر اعظم  کے درمیان 196 رنز کی عمدہ شراکت داری ہوئی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی ساری ٹیم پہلی اننگز میں 438 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے دن کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 165 رنز بنا لیے ہیں۔
منگل کو دوسرے دن کے آغاز پر کپتان بابر اعظم بغیر کسی اضافی رنز کے 161 پر آؤٹ ہو گئے۔ 7 ویں وکٹ نعمان علی کی گری جنہوں نے سات رنز بنائے جبکہ محمد وسیم 2 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی اننگز میں دوسری سنیچری آغا سلمان نے سکور کی جو 103 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ 
پیر کو ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پاکستان نے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلے دن کے اختتام پر پانچ وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنائے تھے۔
پہلے دن سرفراز احمد اور بابر اعظم  کے درمیان 196 رنز کی عمدہ شراکت داری کی وجہ سے پاکستان کی میچ میں پوزیشن مستحکم ہوئی۔ یہ پارٹنرشپ پہلے دن کے کھیل کے اختتام سے کچھ دیر پہلے سرفراز کے 86 رنز پر آؤٹ ہونے سے ختم ہوئی۔
پہلے دن  پاکستان کی بیٹنگ لائن ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہیں کر سکی اور 48 کے مجموعی سکور پر تین بلے باز آؤٹ ہو چکے تھے۔
پہلی وکٹ عبداللہ شفیق کی گری جو سات رنز بنا سکے جبکہ شان مسعود تین رنز پر آؤٹ ہو گئے۔ آؤٹ ہونے والے تیسرے بلے باز اوپنر امام الحق تھے جو 24 رنز بنا سکے۔ 
تین وکٹیں گرنے کے بعد کپتان بابر اعظم اور سعود شکیل کے درمیان 62 رنز کی شراکت داری اس وقت ختم ہوئی جب سعود شکیل 22 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پانچویں وکٹ 306 کے مجموعی سکور پر سرفراز احمد کی گری جنھوں نے 86 رنز بنائے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان نے ٹیم میں تبدیلیاں کی ہیں اور سابق کپتان سرفراز احمد اور فاسٹ بولر حمزہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
ان دونوں کے علاوہ کپتان بابر اعظم، امام الحق، عبداللہ شفیق، شان مسعود، سعود شکیل، آغا سلمان، نعمان علی، محمد وسیم اور ابرار احمد بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کی پلیئنگ 11 میں ٹام لیتھم، ڈیون کونوے، کین ولیمسن، ہینری نکلز، ڈیرل مچل، ٹام بلنڈل، مائیکل بریسویل، کپتان ٹم ساؤتھی، اش سودھی نیل ویگنر اور اعجاز پٹیل شامل ہیں۔
پاکستان اور نیوزی لیںڈ کے درمیان اب تک 60 ٹیسٹ میچ کھیلے گئے ہیں جس میں 25 میچز میں پاکستان جبکہ 14 میچز میں نیوزی لینڈ نے فتح حاصل کی اور 21 میچ ڈرا ہوئے۔
سنہ 2003 کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب دونوں ٹیمیں پاکستان کے ہوم گراؤنڈ میں مدمقابل آرہی ہیں۔

شیئر: