Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرفراز احمد کا کراچی میں شاندار استقبال

سرفراز احمد کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر پہنچے تو ان کے چاہنے والوں نے آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا (فوٹو: اردو نیوز)
وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کی پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں نمایاں کارکردگی پر ان کے چاہنے والوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔
ٹیسٹ سیریز ختم ہونے کے بعد سرفراز احمد جمعے اور سنیچر کی درمیانی رات کراچی میں اپنی رہائش گاہ پہنچے تھے۔
سرفراز احمد کو نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں عمدہ کارکردگی پر مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔
اپنی رہائش گاہ آمد پر سابق کپتان کے چاہنے والوں نے آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
اس موقع پر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ’میں نے ہمیشہ ٹیم کے لیے اچھے سے اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کی ہے۔ جو لوگ یہاں جمع ہوئے ہیں میں ان کا شکر گزار ہوں۔‘
اس موقعے پر ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا گیا اور بھنگڑے ڈالے گئے۔ اہل علاقہ نے سرفراز کی آمد سے قبل ہی گلی میں خیرمقدمی بینرز اور پوسٹرز آویزاں کر رکھے تھے۔
اپنی رہائش گاہ کے باہر اردو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد نے کہا کہ ’میں نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی پیش کروں۔‘
سابق کپتان سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ ’کافی عرصے بعد میری ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ کوشش تھی کہ ٹیم کے لیے اچھے سے اچھا پرفارم کروں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’لوگ مجھ سے پیار کرتے ہیں، میرے لیے دعائیں کرتے ہیں، میں ان کا شکر گزار ہوں۔ کراچی میں سرد موسم کے باوجود لوگوں کا اتنی بڑی تعداد میں میرے گھر کے باہر جمع ہونا ان کی محبت کی عکاسی کرتا ہے۔‘

شیئر: