Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راولپنڈی سٹیڈیم کی پِچ کا معاملہ، پاکستان کی آئی سی سی کے فیصلے کے خلاف اپیل

گزشتہ ماہ آئی سی سی نے راولپنڈی گراؤنڈ کی پِچ کو غیرمعیاری قرار دے دیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے راولپنڈی سٹیڈیم کی پِچ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ’ڈی میرٹ پوائنٹ‘ دینے کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ ‘ای ایس پی این کرک انفوُ نے سنیچر کو خبر دی ہے کہ یہ اپیل پی سی بی کی نئی انتظامیہ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ نجم سیٹھی نے رمیز راجہ کی جگہ پی سی بی کی عبوری مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ کا عہدہ سنبھالا تھا۔
گزشتہ ماہ 13 دسمبر کو آئی سی سی نے راولپنڈی کرکٹ گراؤنڈ کی پِچ کو ’بیلو ایوریج‘ ریٹنگ دیتے ہوئے غیرمعیاری قرار دے دیا تھا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ یکم دسمبر سے پانچ دسمبر تک راولپنڈی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا تھا جو انگلینڈ نے 74 رنز سے جیتا تھا۔
اس میچ کے دوران پی سی بی پر ایسی پچ بنانے پر تنقید بھی ہوتی رہی جس سے بولرز کو کوئی مدد نہیں مل رہی تھی۔ اس ٹیسٹ میں دونوں ٹیموں نے چار اننگز میں مجموعی طور پر 1 ہزار 738 رنز بنائے تھے۔
پی سی بی کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نے اس پِچ کو ’شرمندگی‘ کا باعث قرار دیا تھا اور میچ ریفری اینڈی پائکرافٹ ان کی اس بات سے متفق نظر آئے۔

پی سی بی کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نے اس پِچ کو ’شرمندگی‘ کا باعث قرار دیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

بعدازاں 13 دسمبر کو اینڈی پائکرافٹ نے آئی سی سی کو اپنی فائنڈنگز میں بتایا کہ ’وہ ایک انتہائی فلیٹ پِچ تھی جہاں بولرز کو کسی بھی قسم کی کوئی مدد نہیں مل رہی تھی۔ یہی بنیادی وجہ تھی کہ دونوں ٹیموں کے بیٹرز نے بہت تیز اور بہت زیادہ رنز بنائے۔‘
میچ ریفری نے آئی سی سی کو جمع کرائی گئی اپنی رپورٹ میں کہا کہ ’کیونکہ اس پچ میں بولرز کے لیے کچھ نہیں تھا، اس لیے میں نے آئی سی سی کے قواعد و ضوابط کے مطابق اسے بیلو ایوریج یعنی غیر معیاری پایا۔‘
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ برس مارچ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے میچ  کے دوران راولپنڈی کرکٹ گراؤنڈ کی پچ کو آئی سی سی کی جانب سے غیرمعیاری قرار دیتے ہوئے ’ڈی میرٹ پوائنٹ‘ دیا گیا تھا۔
اب تک آئی سی سی کے ’پچ اینڈ آؤٹ فیلڈ مانیٹرنگ پراسیس‘ کے تحت راولپنڈی کی پچ کو لگا تار دو ’ڈی میرٹ پوائنٹس‘ دیے جا چکے ہیں اور گراؤنڈ پر انٹرنیشنل کرکٹ کی معطلی کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔
واضح رہے کہ کسی بھی گراؤنڈ کی پچ کو دیے گئے ’ڈی میرٹ پوائنٹس‘ کا اطلاق پانچ سال تک رہتا ہے اور اگر کسی گراؤنڈ کو پانچ ’ڈی میرٹ پوائنٹس‘ لگاتار مل جائیں تو وہاں انٹرنیشنل کرکٹ ایک سال کے عرصے کے لیے معطل کر دی جاتی ہے۔

شیئر: