Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف معاہدے کے ’گاڈ فادر‘ اور سابق لبنانی سپیکر حسین الحسینی انتقال کر گئے

حسین الحسینی 1984 سے 1992 تک پارلیمان کے سپیکر رہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
لبنانی پارلیمان کے سابق سپیکر اور 1989 کے طائف معاہدے کے ’گاڈ فادر‘ حسین الحسینی بدھ کو 86 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سابق سپیکر حسین الحسینی کو طائف معاہدے کا ’گاڈ فادر‘ کہا جاتا ہے، انہوں نے ملک کو 15 سال کی خانہ جنگی سے نکالا تھا۔
پارلیمان کے سپیکر نبیہ بیری نے اعلان کیا کہ جمعرات کو ہونے والے صدارتی انتخابات ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
حسین الحسینی 1984 سے 1992 تک پارلیمان کے سپیکر رہے۔
لبنان نے تین دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے، اس دوران تمام اداروں میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
حسین الحسینی کی نماز جنازہ جمعرات کو ان کے آبائی شہر شمستر وادی بقاع میں ادا کی جائے گی۔
ان کو نزلہ اور زکام کی شکایت کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور وہ انتہائی نگہداشت وارڈ میں تھے۔
وہ آئینی اور قانونی امور کے ماہر تھے، انہوں نے اس وقت پارلیمان کی قیادت کی جب لبنان میں خانہ جنگی تھی۔
سابق وزیراعظم رفیق الحریری کے قتل کے تین سال بعد اور حزب اللہ اور اس کے اتحادیوں اور مقتدر قوتوں کے درمیان سیاسی رسہ کشی کی وجہ سے حسین الحسینی اگست 2008 میں سیاست سے علیحدہ ہوگئے تھے۔
طائف معاہدے سے متعلق بہت سی معلومات اور مذاکرات سے متعلق دستاویزات الحسینی کی تحویل میں رہیں، اس معاہدے کی مکمل تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔ ان پر سیاسی دباؤ کے باوجود یہ تفصیلات جاری نہیں ہوئیں۔
وزیراعظم نجیب میکاتی نے خانہ جنگی کے خاتمے میں سابق سپیکر حسین الحسینی کے کردار کو سراہا۔
سابق وزیراعظم فواد سنواورا نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

شیئر: