Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈینز کو پاکستان کے بارے میں کچھ بھی پتا نہیں ہوتا: صنم سعید

صنم سعید ڈرامہ انڈسٹری کے علاوہ میوزک شو 'کوک سٹوڈیو' میں بھی کام کر چکی ہیں۔
پاکستانی اداکارہ صنم سعید نے کہا ہے کہ ’پورے پاکستان کی نسلیں بالی وُڈ کی فلمیں دیکھ کر بڑی ہوئی ہیں اور انڈیا سے متعلق گہری معلومات رکھتی ہیں لیکن انڈینز کو پاکستان کے فن اور ثقافت کے بارے میں کچھ بھی نہیں پتا۔‘
انڈین ایکسپریس کو دیے گئے انٹرویو میں صنم سعید کا کہنا تھا کہ ’ذاتی طور پر میں ہالی وُڈ کا مواد دیکھتی ہوں لیکن پورا پاکستان بالی وُڈ دیکھ کر بڑا ہوا ہے، ہمارے دادا دادی سے لیکر سے ہم لوگ، مدھوبالا، کرینہ کپور اور دپیکا پاڈوکون تک سب کو جانتے ہیں، ہم نے ساری نسلیں دیکھی ہیں، ہم سب بالی وُڈ دیکھ کر بڑے ہوئے ہیں۔‘
صنم سعید کہتی ہیں کہ ’گانے، ڈانس، ثقافت، کھانا کھانے کے طریقے، پوجا کرنے کا طریقہ ہم سب جانتے ہیں کہ انڈیا میں کیا ہوتا ہے لیکن انڈینز کو نہیں پتا کہ پاکستان میں کیا ہوتا ہے۔‘
زندگی گلزار ہے‘ کی کشف مزید کہتی ہیں کہ ’انڈینز کو کچھ  بھی نہیں پتا، ہم لوگ کس طرح دال چاول کھاتے ہیں وہ انداز ہی الگ ہوتا ہے، ہم جس طرح شلوار قمیض پہنتے ہیں، اپنے بال باندھتے ہیں، یہ سب مختلف طریقے ہیں، مجھے نہیں لگتا کہ انڈینز کو پتا ہے کہ پاکستانی چوٹی کیسے بنائی جاتی ہے، جب زی ٹی وی پر ’زندگی گلزار ہے‘ نشر ہوا تو تب پتا چلا کہ یہ لوگ ایسے کپڑے پہنتے ہیں اور ایسے ملتے جلتے ہیں۔‘
صنم سعید نے 2012 میں ریلیز ہونے والے بلاک بسٹر پاکستانی ڈرامے ’زندگی گلزار ہے‘ سے خوب شہرت حاصل کی تھی۔ یہی ڈرامہ جب انڈیا میں دوبارہ ریلیز ہوا تھا تو فواد خان کے ساتھ ان کی جوڑی کو خوب سراہا گیا تھا۔
صنم سعید ڈرامہ انڈسٹری کے علاوہ میوزک شو 'کوک سٹوڈیو' میں بھی کام کر چکی ہیں۔

شیئر: