Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا ڈی میرٹ پوائنٹ ختم

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں کُل 1768 رنز بنے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کی پِچ کو ملنے والے ڈی میرٹ پوائنٹ کو ختم کر دیا گیا ہے۔
اس کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے فیصلے کے خلاف اپیل کے بعد کیا گیا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ کے پہلے دن انگلینڈ نے 500 رنز بنائے تھے جبکہ میچ میں کُل 1768 رنز بنے تھے جس کے بعد اس سٹیڈیم کی پِچ کو اوسط درجے سے نیچے کا قرار دیتے ہوئے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ نے ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا تھا۔
تاہم آئی سی سی اپیل پینل نے میچ کی ویڈیوز دیکھنے کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ پِچ میں کچھ موثر اثرات بھی تھے جس کے باعث میچ کا نتیجہ ممکن ہوا اور 37 وکٹیں حاصل کی گئیں جس کے بعد اس پِچ کو اوسط درجے سے نیچے کا قرار نہیں دیا جا سکتا۔
انگلینڈ کی سیریز میں پنڈی سٹیڈیم کو ملنے والا یہ دوسرا ڈی میرٹ پوائنٹ تھا۔ اس سے قبل 2022 میں ہی پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کی پِچ کو بھی اوسط درجے سے کم کا قرار دیتے ہوئے ڈی میرٹ پوائنٹ ملا تھا۔
خیال رہے آئی سی سی کی جانب سے کسی بھی پچ کو ملنے والا ڈی میرٹ پوائنٹ پانچ سال کے لیے کارآمد ہوتا ہے اور اگر پچ کو پانچ ڈی میرٹ پوائنٹس مل جائیں تو اس سٹیڈیم پر انٹرنیشنل میچز کروانے کے لیے ایک سال کی پابندی لگ جاتی ہے۔

شیئر: