Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا، تیراکی کے دوران شارک کے حملے میں 16 سالہ لڑکی ہلاک

حکومت نے شہریوں کو دریا کے اس حصے میں تیراکی کے حوالے سے اضافی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا کے جنوب میں واقع دریائے سوان میں ایک 16 سالہ لڑکی شارک مچھلی کے حملے سے ہلاک ہو گئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ یہ واقعہ نارتھ فریمینٹل کے نواح میں سنیچر کو پیش آیا۔ لڑکی کو شارک کی ایک نامعلوم نوع نے نشانہ بنایا۔
فریمینٹل ضلعے کے پولیس انسپکٹر پال رابنسن نے بتایا کہ ’لڑکی کو پانی سے نکال لیا گیا لیکن وہ زندہ حالت میں نہیں تھی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’شارک کا نشانہ بننے والی لڑکی اپنے دوستوں کے ساتھ وہاں موجود تھی۔ وہ سب جیٹ سکائز پر تھے اور شاید وہاں انہیں ڈالفنز دکھائیں دیں جس کے بعد اس لڑکی نے بھی ان کے قریب تیرنے کے لیے دریا میں چھلانگ لگا دی۔‘
پولیس آفیسر نے واقعے کو ’دل دہلا دینے والا حادثہ‘ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ لڑکی کا خاندان پرتھ میں رہتا ہے جو یہ خبر سننے کے بعد شدید صدمے میں ہے۔‘
دوسری جانب ماہی گیری کے ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ دریا کے اس حصے میں شارک کی معمول سے ہٹ کر انواع موجود ہو سکتی ہیں۔
مقامی حکومت نے بھی شہریوں کو دریا کے اس حصے میں تیراکی کے حوالے سے اضافی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا میں اس نوعیت کا آخری مہلک حملہ سڈنی کے روزویل برج پر 1960 میں پیش آیا تھا جب تین اعشاریہ تین میٹر طویل بُل شارک نے ایک سنارکل (ٹیوب پر تیراکی کرنے والے) کو ہلاک کر دیا تھا۔

شیئر: