ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ: پاکستان اور انڈیا آج آمنے سامنے ہوں گے
ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ: پاکستان اور انڈیا آج آمنے سامنے ہوں گے
اتوار 12 فروری 2023 5:40
ویمنز ایشیا کپ ٹی20 کپ میں ندا ڈار نے انڈیا کے خلاف 56 رنز بنائے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انڈیا کی خواتین کی کرکٹ ٹیمیں اتوار کو جنوبی افریقہ میں ہونے والے ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں آمنے سامنے ہوں گی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گزشتہ 24 برسوں میں انڈیا اور پاکستان کی خواتین کی کرکٹ ٹیموں کے مابین 13 میچز ہوئے جن میں سے 10 میں انڈین ٹیم فاتح رہی۔
دونوں ممالک کے مابین سیاسی تناؤ کی وجہ سے تمام مقابلے مختلف ٹورنامنٹس میں ہوئے۔
واحد میچ جو کسی غیرجانبدار مقام پر نہیں کھیلا گیا وہ سنہ 2016 کے ایشیا کپ کے دوران دہلی میں کھیلا گیا اور اس میچ میں فتح پاکستان کے نام رہی۔
مجموعی طور پر خواتین کی کرکٹ میں انڈیا کا ریکارڈ بہترین رہا ہے اور 2020 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں انڈین ٹیم فائنل میں بھی پہنچی لیکن اس کو آسٹریلیا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
جب کرکٹ میچ فیس کی بات آتی ہے تو انڈیا کی خواتین کرکٹ ٹیم کو بھی مردوں جتنا معاوضہ ملتا ہے۔
ہر ٹیسٹ کے لیے ان کو 15 لاکھ انڈین روپے ملتے ہیں۔ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کے لیے ان کو چھ لاکھ روپے جبکہ ٹی20 انٹرنیشنلز کے لیے تین لاکھ روپے ادا کیے جاتے ہیں۔
اس کے برعکس پاکستانی کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں شرکت کی اجازت بھی نہیں۔ رواں برس کے آخر میں پاکستان ویمنز لیگ شروع کرنے کا منصوبہ بھی ہے۔
2018 میں پاکستانی میڈیا میں رپورٹ ہوا تھا کہ جہاں مرد کرکٹرز سالانہ دو کروڑ 73 لاکھ سے زیادہ کماتے ہیں وہیں خواتین کھلاڑی صرف 32 لاکھ 31 ہزار کماتی ہیں۔
انڈین کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور کا کہنا ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔
ہرمن پریت کور کا کہنا ہے کہ ان کے کھلاڑی انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں کے تجربات سے سیکھتے ہیں جس نے گزشتہ ماہ جنوبی افریقہ میں انڈر 19 کا ورلڈ کپ جیتا تھا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ آسٹریلیا میں کھیلی گئی سیریز ورلڈ کپ کے لیے تیاری تھی۔
تاہم دنیا کی بہترین ٹیم سے پاکستان یہ سیریز ہار گیا تھا۔
پاکستان کی فاسٹ بولر ڈیانا بیگ آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں کیچ پکڑے ہوئے زخمی ہو گئی تھیں اور اب وہ ورلڈ کپ کا حصہ نہیں ہیں۔
36 سالہ ندا ڈار پاکستان ٹیم کی ایک اہم کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے گزشتہ برس ایشیا کپ میں انڈیا کے خلاف 56 رنز بنائے تھے اور ناٹ آؤٹ رہیں اور دو وکٹیں بھی لی تھیں۔
ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے انڈیا کو شکست دی تھی۔
خدشہ ہے کہ انجری کے باعث انڈیا کی نائب کپتان سمرتی مندھنا پاکستان کے خلاف میچ میں شریک نہیں ہو سکیں گی۔