Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں پہلی بار سٹیڈیم کے انکلوژر خواتین کرکٹرز کے نام

ثنا میر خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان رہ چکی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی کرکٹ سٹیڈیم میں انکلوژر خواتین کرکٹرز کے نام سے منسوب کیے جائیں گے۔
کرک انفو کے مطابق بلوچستان کے شہر کوئٹہ کے بگٹی سٹیڈیم میں دو انکلوژرز پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر اور سابق آل راؤنڈر کرن بلوچ کے نام کیے جائیں گے۔
کوئٹہ کے بگٹی سٹیڈیم میں بنائے جائے والے مزید آٹھ سٹینڈز سابق مرد کھلاڑیوں کے ناموں سے منسوب ہوں گے۔ ان کھلاڑیوں میں مصباح الحق، شاہد آفریدی، یونس خان، محمد یوسف، سعید اجمل، ثقلین مشتاق، شعیب خان اور اور شعیب ملک شامل ہیں۔
کوئٹہ کے بگٹی سٹیڈیم میں آج تک صرف ایک انٹرنیشنل کھیلا گیا ہے جس میں پاکستان اور زمبابوے 1996 میں آمنے سامنے آئے تھے۔ لیکن اگلے ماہ 5 فروری کو اس سٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا ایک نمائشی میچ کھیلا جائے گا اور یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگلے سال پی ایس ایل کے میچ اس گراؤنڈ میں بھی کھیلے جائیں گے۔
خواتین کرکٹرز کے ناموں سے انکلوژرز منسوب کرنے کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کچھ دنوں پہلے کہا تھا کہ اس کا مقصد بلوچستان سے مزید لڑکیوں کو کرکٹ کی طرف مائل کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’مجھے یقین ہے کہ ہم بلوچستان میں مزید لڑکیوں کو کرکٹ کھیلتا ہوا دیکھیں گے اور پی سی بی کھیل کو اس صوبے میں بہتر بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔‘

شیئر: