جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کا نشانہ بننے والے بریگیڈیئر برکی سپردِ خاک
جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کا نشانہ بننے والے آئی ایس آئی کے بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی کی نمازِ جنازہ بدھ کو ریس کورس پارک راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔
بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی منگل کو جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ہاتھوں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ’نماز جنازہ میں صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔‘
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، ڈی جی آئی ایس آئی ندیم احمد انجم سمیت حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجیوں، پارلیمنٹیرینز اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی جنازے میں موجود تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ’بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی کو اُن کی قومی خدمات کے اعتراف میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آرمی کے قبرستان میں دفنایا گیا۔‘
’اپنے فوجی کیریئر کے دوران بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی انسداد دہشت گردی آپریشنز میں شامل رہے، اور انہوں نے کامیابی کے ساتھ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو تباہ کیا۔‘
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ ’بریگیڈیئر برکی نے آرمی پبلک سکول (اے پی ایس) پشاور پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کو ختم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔‘
’قوم پاکستان کے لیے ان کی قربانیوں کا اعتراف کرتی ہے، مسلح افواج اور انٹیلی جنس ایجنسیز ہر قیمت پر دہشت گردی کو جڑ سے اُکھاڑنے کے لیے پُرعزم ہیں۔‘