Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیرملکی ٹرکوں کیلئے الیکٹرانک ٹرانسپورٹ دستاویز لازمی

ٹرانسپورٹ دستاویز کے بغیر داخلے کی اجازت نہیں ہو گی  (فوٹو: عکاظ)
سعودی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ سعودی عرب آنے والے غیرملکی ٹرکوں کو یکم اپریل سے الیکٹرانک ٹرانسپورٹ دستاویز پیش کرنا ہو گی۔ اس کے بغیر انہیں مملکت میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اس پابندی کے محرکات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ کثیر المقاصد ہے۔ اس کا ایک بڑا مقصد یہ ہے کہ سعودی عرب آنے والے غیرملکی ٹرکوں اور گاڑیوں کے ٹرانسپورٹ آپریشن کو منظم کیا جائے۔
اتھارٹی کا کہنا تھا کہ دوسرا مقصد یہ ہے کہ بری راستے سے کارگو سروس کو زیادہ سے زیادہ محفوظ بنایا جائے۔
اتھارٹی نے مزید بتایا کہ اس کا تیسرا بڑا مقصد یہ ہے کہ قومی ٹرانسپورٹرز کو خارجی ٹرانسپورٹرز کی مداخلت سے جائز حدود میں تحفظ فراہم کیا جائے اور مسابقت کا منصفانہ ماحول قائم کیا جائے۔ 
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک ٹرانسپورٹ دستاویز سامان بھیجنے والے اور سامان وصول کرنے والے سے متعلق بنیادی معلومات پر مشتمل ہو گی۔
علاوہ ازیں اس میں سامان کی تمام تفصیلات درج ہوں گی۔ ٹرک کس تاریخ کو روانہ کیا گیا اور کہاں کہاں سے گزرے گا۔ یہ تمام معلومات بھی دستاویزمیں درج ہوں گی۔ 
اتھارٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ غیرملکی ٹرکوں کو مملکت کے اندر سامان لانے لے جانے کی اجازت نہیں۔ یہ کام پرمٹ ہولڈرز مقامی شہریوں کے لیے مختص ہے۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: