Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایلون مسک اور چینی وزیر صنعت کی ’نئی الیکٹرک گاڑیوں‘ پر بات چیت

تین سال کے وقفے کے بعد ایلون مسک نے چین کا دوری کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک اور چینی صنعت کے وزیر ژن ژانگ لونگ نے نئی الیکٹرک گاڑیوں سے متعلق بات چیت کی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چین کی انڈسٹری اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر صنعت اور ایلون مسک نے بجلی سے نئی الیکٹرک گاڑیوں اور انٹیلی جنٹ کنیکٹڈ وہیکلز پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
تین سال کے وقفے کے بعد 30 مئی کو ایلون مسک بیجنگ پہنچے تھے۔
چین کی انڈسٹری اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت نے ملاقات سے متعلق مزید تفصیلات شیئر نہیں کیں۔
چین دنیا میں الیکٹرک گاڑیوں کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے اور اپریل میں ٹیسلا نے اعلان کیا تھا کہ شنگھائی میں دوسری بڑی فیکٹری قائم کرے گا۔
یہ شنگھائی میں گیگا فیکٹری کے بعد دوسری بڑی فیکٹری ہو گی۔ گیگا فیکٹری نے 2019 میں کام کا آغاز کیا تھا۔
منگل کو چین کے وزیر خارجہ چن کانگ کے ساتھ ملاقات میں ایلون مسک نے کہا تھا کہ وہ چین میں اپنے کاروبار کو پھیلانے کے خواہاں ہیں۔
چین کے ساتھ ایلون مسک کے گہرے کاروباری تعلقات کو واشنگٹن ناپسندیدگی سے دیکھتا ہے۔ صدر جو بائیڈن نے نومبر میں کہا تھا کہ ایلون مسک کے غیرملکی ممالک کے ساتھ تعلقات کی چھان بین کی جا سکتی ہے۔
منگل کو چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماؤ ننگ نے کہا تھا کہ ان کا ملک غیرملکی ایگزیکٹیوز کے دوروں کا خیرمقدم کرتا ہے تاکہ ’چین کو بہتر طریقے سے سمجھا جاسکے اور باہمی طور پر فائدہ مند تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔‘

شیئر: