Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روز مرہ کے استعمال کی 20 اشیا میں پوشیدہ سہولتیں

کم لوگ جانتے ہیں کہ ہوائی جہاز کی کھڑکیوں میں انتہائی معمولی سوراخ رکھے جاتے ہیں (فوٹو: پکسابے)
ایسی متعدد اشیا ہیں جو ہمارے روز مرہ کے استعمال یا مشاہدے میں آتی ہیں مثال کے طور پر فاؤنٹین پین کے ڈھکن میں سوراخ، سپورٹس شوز میں چھوٹے سوراخ، ہوائی جہاز کی کھڑکیوں میں چھوٹے سوراخ، پیمائش کرنے والے فیتے کا نوک دارکنارہ یا اسی قسم کی اشیا جو ہمارے استعمال یا مشاہدے میں تو ہوتی ہیں مگر ان میں موجود بعض ایسی خصوصیات جن کی موجودگی پر ہم نے کبھی دھیان ہی نہیں دیا کہ یہ کیوں ہیں۔
 اس مضمون میں ان اشیا میں رکھی گئی بعض معمولی سہولتوں کے بارے میں بتایا جائے گا اور اُمید ہے کہ فراہم کی جانے والی معلومات آپ کے لیے مفید اور دلچسپ ہوں گی۔  
ہوائی جہاز کی کھڑکیوں میں سوراخ  
تقریباً ہر دوسرا یا تیسرا شخص ہوائی جہاز میں سوار ہو چکا ہے، تاہم اس امر سے باخبر نہیں کہ ہوائی جہاز کی کھڑکیوں میں انتہائی معمولی سوراخ رکھے جاتے ہیں۔
کھڑکیوں میں یہ سوراخ کیوں رکھے جاتے ہیں اس بارے میں ہم نے کبھی توجہ نہیں دی ہو گی کہ بظاہرعام انداز میں دکھائی نہ دینے والے ان سوراخوں کی موجودگی ہوائی جہاز کے لیے کتنی اہم ہے۔
جہاز کی کھڑکیوں میں یہ سوراخ اس لیے رکھے جاتے ہیں کہ جب جہاز فضا میں بلند ہوتا ہے تو اس میں فضائی دباؤ پیدا ہوتا ہے۔ اس دباؤ کے اثر کو جہاز کے کیبن میں کم کرنے کے لیے سوراخ رکھے جاتے ہیں تاکہ پریشر کومتوازن کیا جا سکے۔ علاوہ ازیں کھڑکیوں پر جمع ہونے والی دھند کو بھی متوازن کرنے کے لیے یہ سوراخ اہم ہوتے ہیں۔  
جینز کی پتلون میں چھوٹی جیب  
جینز کی پینٹ استعمال کرنے والے بخوبی جانتے ہیں کہ ہر پینٹ میں جیب کے اوپر ہی ایک چھوٹی سے جیب بنی ہوتی ہے، تاہم اس کی کیا ضرورت ہے یہ سوچنے کی بات ہے؟  
بعض لوگوں کا خیال ہوتا ہے کہ یہ چھوٹی جیب سکے رکھنے کے لیے بنائی گئی ہے۔ اس جیب کی کیا ضرورت ہے اور اسے کیوں بنایا گیا ہے یہ جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے۔ 
جس وقت پہلی جینز کی پتلون بنائی گئی اس وقت جیبی گھڑی کا رواج عام تھا۔ جب پہلی جینز پتلون بنائی گئی تو اس میں گھڑی رکھنے کے لیے خصوصی چھوٹی جیب بنائی گئی جس کا راوج آج تک اسی طرح جاری ہے۔  
نئے ملبوسات کے ساتھ کپڑے کا چھوٹا سا ٹکڑا 
عام طور پر ملبوسات تیار کرنے والی کمپنیاں اپنے تیار کردہ لباس میں اسی کپڑے کا چھوٹا سا ٹکڑا منسلک کر دیتی ہیں۔ اس حوالے سےبعض لوگوں کا خیال ہے کہ کپڑے کا یہ ٹکڑا اس لیے رکھا جاتا ہے کہ ضرورت پڑنے پر اسے پیوند کے لیے استعمال کیا جائے۔ 

جینز جب ایجاد کی گئی تو کارکنوں کو شکایت تھی کہ اس کی سلائی ادھڑجاتی ہے (فوٹو: پکسابے)

مذکورہ خیال یا سوچ غلط ہے۔ کپڑے کا ٹکڑا نئے ملبوسات میں کمپنیوں کی جانب سے اس لیے رکھا جاتا ہے تاکہ لباس استعمال کرنے والے اس ٹکڑے کو نکال کر محفوظ کریں اور لباس استعمال کرنے کے بعد نئے ٹکڑے کا اپنے لباس سے موازانہ کریں کہ کپڑے دھلنے کے بعد واشنگ پاوڈر یا صابن ان کے کپڑوں پرکس طرح اثرانداز ہوتا ہے۔
فاؤنٹین پین کے ڈھکن میں موجود سوراخ
فاؤنٹین پین کے ڈھکن میں چھوٹا سے سوراخ رکھا جاتا ہے جس کے بارے میں لوگوں کا خیال ہے کہ یہ سوراخ پین کی سیاہی کو سوکھنے سے محفوظ رکھنے کے لیے دیا جاتا ہے جو غلط ہے بلکہ ڈھکن میں دیا گیا یہ سوراخ دم گھٹنے سے بچانے کے لیے ہوتا ہے۔  
سکیل میں دیا گیا سوراخ  
سکیل یا فٹہ جس کے ایک سرے پرسوراخ اس لیے دیا جاتا ہے تاکہ فٹے کوٹانگا یا لٹکایا جا سکے۔  
جینز کی پتلونوں میں چھوٹی کیلیں بٹن
جینز جب ایجاد کی گئی تو کارکنوں کو شکایت تھی کہ اس کی سلائی ادھڑجاتی ہے کیونکہ سلائی موٹے کپڑے پرہونے والے دباؤ کو برداشت نہیں کر سکتی۔
اس شکایت کو دور کرنے کے لیے جینز پتلون بنانے والی کمپنیوں کے کیلیں یا مخصوص بٹن استعمال کرنا شروع کیے جوسلائی کے شروع میں لگائی جاتی تھیں جن کا رواج آج بھی ہے۔  

جوتوں میں یہ سوراخ اس لیے دیے جاتے ہیں تاکہ ہوا کا گزر بہتر طور پر ہو (فوٹو: رنرز ورلڈ)

سپورٹس شوز میں دیئے گئے چھوٹے سوراخ
کپڑے کے بنے ہوئے خصوصی سپورٹس شوز، جو عام طور پر باسکٹ بال کھلاڑیوں کے لیے بنائے جاتے ہیں، میں بھی سوراخ رکھے جاتے ہیں۔ 
ان سوراخوں کے بارے میں بعض کا خیال ہوتا ہے کہ یہ سوراخ تسموں کو مضبوطی سے باندھنے کے لیے دیے جاتے ہیں۔ ان کی یہ سوچ غلط ہے۔  
جوتوں میں یہ سوراخ اس لیے دیے جاتے ہیں تاکہ ہوا کا گزر بہتر طور پر ہو اور پاؤں میں پسینہ زیادہ نہ آئے اور کھلاڑیوں کو مشکل صورتحال کا سامنا نہ ہو۔ 
فیتے یا میٹر کے سرے پرنوک دار کنارہ 
فیتے کے سرے پر نوک دار مڑا ہوا کنارہ اس لیے دیا جاتا ہے کہ اس کنارے کو پکڑ کر فیتے کو کھولا جا سکتا ہے علاوہ ازیں اسے پیمائش کے لیے مقررہ جگہ پر ٹکایا جا سکے۔ 
گاڑی میں پیٹرول ٹینک کی نشاندہی کے لیے دیا گیا نشان  
گاڑی کے مالکان اپنی گاڑی کے پیٹرول ٹینک کی سمت کے بارے میں بخوبی واقف ہوتے ہیں کہ ٹینک کا ڈھکن کس سمت میں ہے۔  
فرض کر لیں کہ آپ نے کرایے کی یا کسی واقف کی گاڑی لی اور پیٹرول بھرانے کے لیے سٹیشن پر موجود پمپ کی کس سمت میں جانا ہے یہ معلوم کرنے کے لیے آپ کو گاڑی سے اترنے کی ضرورت نہیں بلکہ ڈیش بورڈ پر موجود سمت کا تعین کرنے کے لیے پیٹرول گیج میں تیر کا نشان سمت کے تعین کے لیے موجود ہے جسے دیکھ کرآپ کومعلوم ہوجائے گا کہ آپ کی گاڑی کا پیٹرول ٹینک کا ڈھکن دائیں جانب ہے یا بائیں۔ 

تالے میں سوراخ کا مقصد تالے کی اندرونی سمت کو پانی سے محفوظ رکھنا ہے (فوٹو: یو جنکی)

ہانڈی کے ہینڈل میں سوراخ کیوں؟ 
عام طورپردیکھا گیا ہے کہ کھانا پکانے کی ہانڈی یا برتن کے ہینڈل کے آخری سرے پر سوراخ دیا جاتا ہے۔ سوراخ کے مختلف استعمال ہیں جن میں پہلا استعمال ہانڈی کو لٹکانا ہے اور اس کے علاوہ ہانڈی پکانے کے دوران چمچے کو اس سوراخ میں پھنسایا بھی جا سکتا ہے۔ 
بالوں میں لگائی جانے والی پن کے سرے زگ زیک کیوں؟  
خواتین بالوں میں جو پن استعمال کرتی ہیں ان کا ایک سرا سیدھا جبکہ اوپری سمت والا سرا زگ زیک انداز میں ہوتا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ زگ زیک والے حصے سے بالوں کی متوازی رکھنا ہوتا ہے جن سے بالوں کی گرفت بھی مستحکم رہتی ہے۔  
آئی فون کے کیمرے پر نقطہ  
آئی فون استعمال کرنے والے شاید اس امر سے واقف نہیں کہ ان کے فون کے عقبی کیمرے کے لینز کے ساتھ فلیش لائٹ اورایک نقطہ بھی ہوتا ہے۔  
آئی فون میں دیا گیا یہ چھوٹا نقطہ دراصل مائیکرو فون ہوتا ہے جوعقبی کیمرہ استعمال کرنے پر آواز کی ریکارڈنگ کرنے کے کام آتا ہے۔ 
پلاسٹک کی بوتلوں کے ڈھکن میں موجود پلیٹ؟  
پلاسٹک کی بوتلوں کے ڈھکن میں عام طور پر مخصوص ربڑ یا لچک دار پلاسٹک کی سیل دی جاتی ہے جس کا مقصد بوتل میں موجود مواد کو سیل فراہم کرنا ہے تاکہ موجود مواد بوتل سے نہ نکلے اور بوتل میں ہوا داخل نہ ہو۔  
تالے کی نیچے دیا گیا معمولی سا سوراخ  
عام طور پر لوگ دریافت کرتے ہیں کہ تالوں کے نیچے موجود چھوٹا سا سوراخ کیوں دیا جاتا ہے۔ اس سوراخ کا مقصد تالے کی اندرونی سمت کو پانی سے محفوظ رکھنا ہے۔ اگر بارش یا کسی اور وجہ سے تالے پر پانی گرتا ہے تو پانی کے قطرے لازمی طور پر تالے کے اندرونی جانب جاتے ہیں جو بعد ازاں تالے کو جام کر سکتے ہیں۔
تالے میں جمع ہونے والا پانی اس سوراخ سے خارج ہو جاتا ہے اس طرح تالے کا اندرونی میکنیزم محفوظ رہتا ہے۔ علاوہ ازیں تالے کے میکنیزم کو محفوظ اور دیرپا رکھنے کے لیے اس سوراخ کے ذریعے اس میں تیل بھی ڈالا جا سکتا ہے۔  

ربر میں نیلے رنگ سے صرف کچی پینسل کی لکھائی ہی نہیں بلکہ پین کی تحریر کو بھی مٹایا جا سکتا ہے (فوٹو: فیبر کیسل)

چارجنگ لیڈ وغیرہ کے سرے پر بنایا گیا موٹا حصہ  
کسی بھی کنیکٹنگ وائر (چارجنگ لیڈ وغیرہ) کے ایک سرے پر مخصوص گول حصہ دیا بنایا جاتا ہے اس کا مقصد الیکٹرومیگنیٹک فیلڈ کی لہروں کو کنٹرول کرنا ہوتا ہے۔ 
بلیڈ پر بنائی گئی لائن  
مخصوص بلیڈ جومتعدد کاموں میں استعمال ہوتا ہے پر لائن دی گئی ہوتی ہے۔ یہ لائن اس لیے دی جاتی ہیں کہ بلیڈ کے وہ حصے جو استعمال کے بعد خراب ہو جاتے ہیں اور ان کی دھار ختم ہوجاتا ہے انہیں توڑ کر باقی بلیڈ سے جدا کیا جا سکے۔ 
ایپل پاور کیبل کے فولڈنگ کلپس  
عام طورپرایپل فون کے ساتھ جو پاورکیبل دی جاتی ہے اسے مخصوص انداز میں فولڈ کیا جاتا ہے۔ فولڈنگ کے لیے مخصوص بیس ہوتی ہے جس کا مقصد کیبل کو طویل عرصے تک محفوظ رکھنا ہوتا ہے۔  
ربر میں نیلا رنگ
عام طور پرجو ربر استعمال ہوتی ہے وہ ایک رنگ کی ہوتی ہے، تاہم ایسی ربر جس میں دو رنگ استعمال ہوتے ہیں ان میں ایک نیلا رنگ ہوتا ہے۔  
نیلے رنگ کی سمت سے صرف کچی پینسل کی لکھائی ہی نہیں بلکہ پین کی تحریر کو بھی مٹایا جا سکتا ہے، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ پین کی تحریر کارڈ بورڈ یا موٹے کاغذ پر تحریر کی گئی ہو۔ پین کی سیاہی کو مٹانے کے لیے دباو زیادہ لگانا پڑتا ہے اگر یہ تحریر پتلے کاغذ پر ہو تو اس سے کاغذ پھٹ سکتا ہے اس لیے استعمال کرنے میں احتیاط برتنا ضروری ہے۔  
مکرونی کی چمچے میں سوراخ
سپگیٹی یا مکرونی کو نکالنے کے لیے مخصوص چمچے استعمال کیے جاتے ہیں۔ ان چمچوں میں مکرونی کو پکڑنے کے لیے کنارے بنے ہوتے ہیں، جبکہ درمیان میں سوراخ اس لیے رکھا جاتا ہے کہ چمچے میں آنے والا پانی نکل جائے اور مکرونی کو دیگچی سے نکلا جا سکے۔ 

شیئر: