Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظہبی پویلین کے لیے لندن ڈیزائن بینالے میں ایوارڈ

عرب ثقافت میں خاص کپڑے 'سدو' کی تیاری کو ثقافتی ورثے میں شامل کیا۔ گیا۔ فوٹو عرب نیوز
ابوظہبی پویلین کو لندن ڈیزائن بینالے 2023 کے ابتدائی تین فاتحین میں شامل کیا گیا اور عالمی اشتراک اور تعاون کے موضوع  کی متاثر کن ترجمانی کرنے پر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ابوظہبی کے محکمہ ثقافت اور سیاحت کے ثقافتی مقامات کی ڈائریکٹر سلامہ الشمسی اور ہاؤس آف آرٹیسن کیوریٹر عزہ الشریف نے یہ خصوصی ایوارڈ حاصل کیا۔

مستقبل میں اس دستکاری کو محفوظ رکھنا اوراہمیت اجاگر کرنا اہم ہے۔ فوٹو انسٹاگرام

ابو ظہبی کے ہاؤس آف آرٹیسن میں 'دی گلوبل گیم: ری میپنگ کولیبریشنز' کے  موضوع کے تحت خاص قسم کی اماراتی دستکاری 'فارمیشن آف صوف'  اور اس کی تیاری کے مراحل کو نمایاں کیا گیا۔
ابو ظہبی کے آرٹ سینٹر میں دستکاریوں کی نمائش  کے دوران سدو کے نام سے معروف بدوی بنائی کی تکنیک بھی شامل تھی۔
عالمی ثقافتی ورثے کے ادرے یونیسکو نے 2011 میں عرب خطے میں ہاتھ سے تیار کئے جانے والے مشہور اور خاص قسم کے کپڑے سدو کو ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کیا۔
پیچیدہ ڈیزائن اور مخصوص پیٹرن پر تیار کئے جانے والے اس ثقافتی کپڑے کے لیے خام اون کا استعمال کیا جاتا ہے اور یہ کپڑا سماجی شناخت اور ارد گرد کے ماحول کی عکاسی کرتا ہے۔
ابوظہبی کے ہاؤس آف آرٹیسن نے سوشل میڈیا پر جاری کئے جانے والے اپنے ایک بیان میں وضاحت کی ہے کہ اس دستکاری کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور اس کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہمارے لیے اہم ہے تا کہ مستقبل میں اس دستکاری کو محفوظ رکھا جا سکے۔
ہاؤس آف آرٹیسن میں لگائے گئے اس پویلین میں اماراتی خواتین نے خام اون کو  دستکاری میں استعمال ہونے والے اوزار تکلا سے سدو کی تیاری کے لیے دھاگے کی اولین شکل میں لانے اور منفرد تکنیک کی وضاحت کی۔

شیئر: