Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کی ریاست اترپردیش میں تین سالہ بچے کے کاٹنے سے سانپ ہلاک

بچے کے کاٹنے سے سانپ کی ہلاکت کا واقعہ ضلع فرخ آباد میں پیش آیا۔ (فوٹو: ای پی اے)
انڈیا کی ریاست اتر پردیش کے ضلع فرخ آباد میں ایک تین سالہ بچے نے ایک سانپ کو دانتوں سے چبا کر مار ڈالا۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ واقعہ سنیچر کو فرخ آباد کے گاؤں مدنا پور میں پیش آیا جہاں پریشان والدین مرے ہوئے سانپ کو ایک پلاسٹک کی تھیلی میں ڈال کر اپنے بچے کے ساتھ ہسپتال پہنچے۔
ہسپتال میں ڈاکٹروں نے بچے کو 24 گھنٹے اپنی نگرانی میں رکھا اور پھر حالت خطرے سے باہر ہونے کے سبب گھر جانے کی اجازت دے دی۔
تین سالہ اکشے اپنے گھر کے صحن میں کھیل رہا تھا جب ان کی دادی ان کے چیخنے کی آواز سنی اور جب وہ وہاں پہنچیں تو انہیں مرا ہوا سانپ اپنے پوتے کے منہ میں لٹکا ہوا نظر آیا۔
بچے کی دادی سنیتا کا کہنا ہے کہ ’میں نے بچے کے منہ سے سانپ کو نکالا اور اس کا منہ صاف کیا جس کے بعد میں نے بچے کے والدین کو اس واقعے کی اطلاع دے دی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وہ ہسپتال جاتے وقت مرے ہوئے سانپ کو بھی اپنے ساتھ اس لیے لے گئے تاکہ ڈاکٹروں کو کیس سمجھنے میں آسانی ہو۔
بچے کا علاج کرنے والے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ ’میرے خیال میں جس سانپ کو بچے نے دانتوں سے چبا کر مارا وہ زہریلا نہیں تھا۔‘
خیال رہے انڈیا میں سانپ کی 300 سے زائد اقسام پائی جاتی ہیں جس میں 60 سے زائد انتہائی زہریلے ہوتے ہیں جب کہ 180 سے زائد سانپ کی قسمیں وہ ہیں جو بالکل زہریلے نہیں ہوتے۔
انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک بھر میں 2000 سے 2019 تک سانپ کے کاٹنے سے 12 لاکھ اموات ہوئیں اور مرنے والوں میں 33 فیصد سے زائد 15 سال کی عمر سے چھوٹے بچے تھے۔

شیئر: