Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سندھی نہیں بولی جاتی‘، نصیر الدین شاہ نے غلطی کا اعتراف کر لیا

انڈین اداکار نصیر الدین شاہ نے سندھی زبان کے بارے میں اپنے بیان پر غلطی کا اعتراف کر لیا ہے۔
بدھ کے روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر نصیر الدین شاہ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ سندھی زبان کے بارے میں اُن کا بیان غلط تھا۔
اپنی فیس بک پوسٹ میں انہوں نے غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے لکھا کہ ’حالیہ دنوں میں میرے بیان پر دو بالکل غیر ضروری تنازعات نے جنم لیا۔ ایک میری سندھی زبان کے بارے میں غلط بیان سے متعلق تھا۔ میں اس بارے میں غلط تھا۔‘
اداکار نے مزید لکھا کہ ’دوسرا تنازع میرا مراٹھی اور فارسی زبان کے درمیان رشتے کے بارے میں بیان کا تھا۔ میرے الفاظ یہ تھے کہ مراٹھی کے کئی الفاظ فارسی کے نکلے ہیں۔ میرا مقصد مراٹھی زبان کی توہین کرنا نہیں تھا لیکن میرا کہنا یہ تھا کہ مختلف رنگ ثقافتوں کو بڑھاتے ہیں۔ اُردو بھی ہندی، فارسی، ترک اور عربی زبان کا مرکب ہے۔ انگریزی نے یورپی زبانوں سے الفاظ اُدھار لیے ہیں۔‘
اس سے پہلے اداکار کا سوشل میڈیا پر ایک بیان وائرل ہوا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں سندھی زبان اب نہیں بولی جاتی۔
اپنی  ویب سیریز ’تاج ڈیوائڈڈ بائے بلڈ‘ کے دوسرے سیزن کی تشہیر کے دوران انہوں نے انٹرویو میں پاکستان میں بولی جانے والی مختلف زبانوں پر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ ’وہ بلوچی بولتے ہیں۔ دری بولتے ہیں۔ سرائیکی بولتے ہیں اور پشتو بولتے ہیں۔ سندھی جو ہے وہ اب پاکستان میں نہیں بولی جاتی۔‘
نصر الدین شاہ کے اس بیان پر اداکارہ منشا پاشا سمیت دیگر ٹوئٹر صارفین کی جانب سے بھی ردِ عمل دیکھنے کو مل رہا ہے۔
اداکارہ منشا پاشا کہتی ہیں کہ ’بطور سندھی، جو اپنے گھر میں سندھی زبان بولتی ہے، میں اس بات سے متفق نہیں ہوں۔‘
کوی شنکر نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’یہ غلط بات ہے سر۔ براہ کرم سندھ آئیں۔ آپ یہاں سندھی بولنے والے لوگوں کو دیکھیں گے۔‘
سواتی گوئل شرما نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’بالی وُڈ کے سب سے بڑے دانشور۔‘ٹوئٹر ہینڈل اوکے سوری نے دلچسپ انداز میں لکھا کہ ’ہاں جی ہم ختم ہوگئے ہیں۔ میں موہنجودڑو کے مدفون ٹِیلوں سے ٹویٹ کر رہی ہوں۔ لاکھوں سال پہلے دریائے سندھ خشک ہوگیا ہے۔ پاکستان میں سندھی نہیں بولی جاتی۔ سب چینی زبان اور اُردلش (اردو اور انگلش) بول رہے ہیں۔‘
 

شیئر: