Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روزمرّہ کی 10 عادتیں جو آپ کی زندگی کو بدل سکتی ہیں

روزانہ واک یا ورزش سے ذہنی اور جسمانی صحت ٹھیک رہتی ہے۔ فوٹو: انسپلیش
اگرچہ ہماری زندگی کے شب و روز میں وہ چھوٹی چھوٹی عادتیں جو انتہائی معمولی اور سادہ ہوتی ہیں تاہم ان کے اثرات ہماری صحت اور شخصیت پر انتہائی گہرے ہوتے ہیں۔ 
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ روز مرہ کی عادتیں ڈرامائی طور پر ہماری صحت، تندرستی اور پیداواری صلاحیت پر اثر انداز ہوتی ہیں۔
اس حوالے سے ’نیو ٹرینڈ یو‘ ویب سائٹ پر شائع ہونے والی رپوٹ میں ان عادتوں کو بیان کیا گیا ہے جن سے مستفید ہونے کے لیے مستقل مزاجی سے عمل کرنا ہوگا۔
یاد رکھیں کہ تبدیلی کے اثرات راتوں رات رونما نہیں ہوتے بلکہ عادات کو مستقل طور پر اپنانے اور ان پر یکسوئی سے عمل پیرا ہونے پر ہی بہتر نتائج کا حصول ممکن ہوتا ہے۔
دن کی پیشگی منصوبہ بندی 
اگلے دن کی پیشگی منصوبہ بندی کے متعدد فوائد ہوتے ہیں۔ اگر آنے والے دن کی پیشگی منصوبہ بندی کرتے ہوئے اہداف متعین کر لیتے ہیں تو اس سے نہ صرف بہتر طور پر کام کرنے کے قابل ہو جاتے ہیں بلکہ ذہنی پریشانی کا بھی سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ 
پیشگی منصوبہ بندی کرتے وقت آنے والے دن میں جو کام کرنے ہیں ان کا تعین کر لیں اور کس وقت کونسا کام کرنا ہے ان کی فہرست بنا لیں۔  
صبح جلدی جاگنا 
صبح سویرے بیدار ہونے کی عادت کے بے شمار فوائد ہیں۔ جلدی جاگنے سے دن بھر کے کام مکمل کرنے کے لیے کافی زیادہ وقت مل جاتا ہے جبکہ آپ جسمانی اور ذہنی طور پر بھی تر و تازہ ہوتے ہیں۔  
جلد بیداری کی صورت میں حاصل ہونے والی جسمانی توانائی اور تازگی سے آپ کی  صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں جبکہ مقررہ کام کا معیار بھی بہتر ہوتا ہے۔  

روزانہ مناسب مقدار میں پانی پینا صحت مندانہ زندگی کے لیے بے حد اہم ہے۔ فوٹو: انسپلیش

صبح جلدی اٹھنے کے لیے لازمی ہے کہ رات کو مناسب وقت پر سو جائیں تاکہ نیند کا دورانیہ مکمل ہو اور جلد بیدار ہو سکیں۔ اس کے برعکس رات گئے تک جاگنے سے صبح جلدی اٹھنا ممکن نہیں ہوسکتا۔ 
جسمانی ورزش 
روزانہ معمول کے مطابق صبح کی واک کرنا یا دوپہرکو یوگا کی مشق کرنا یا پھر رات کو سونے سے قبل مخصوص ورزش کرنے سے نہ صرف اچھی نیند آئے گی بلکہ جسمانی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ 
زندگی کو بہتر بنانے کی ترجیحات 
بھرپورطریقے سے زندگی گزارنے کے لیے ضروری ہے کہ روزمرہ کے امور میں اپنی ترجیحات متعین کر لیں یعنی جو چیز اہم ہے اس پر پوری طرح سے توجہ دیں۔ 
اپنی روزمرہ کی زندگی کو زیادہ پُراطمینان بنانے کے لیے اہداف کے مطابق طے کردہ ترجیحات پر عمل کریں تاکہ مستقبل کو بہتر بنا سکیں۔ 
منظم زندگی گزاریں 
منظم زندگی گزارنے سے ذہن کافی حد تک الجھنوں اور پریشان کن خیالات سے خالی رہتا ہے۔ زندگی میں نظم و ضبط کو برقرار رکھنے سے تناؤ کم ہوتا ہے اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس کے لیے منصوبہ بندی ضروری ہے چاہے وہ دفتری امور یا سماجی سرگرمیوں کی ہی کیوں نہ ہو۔
توجہ مرکوز کرنا 
کسی بھی کام کو بہتر طور پر کرنے اور بہترین نتائج کے حصول کے لیے لازمی ہے کہ بھرپور انداز میں توجہ مرکوز کی جائے۔ 
خلفشار سے بچتے ہوئے یکسوئی سے کام پر توجہ دینے کے لیے ذہن کو چوکنا اور ترو تازہ رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ کچھ دیر کا وقفہ لیا جائے تاکہ فریش دماغ کے ساتھ یکسوئی سے کام مکمل ہو سکے۔

صبح جلدی جاگنے سے ذہنی طور پر بھی تر و تازہ رہنے میں مدد ملتی ہے۔ فوٹو: انسپلیش

فہرست بنائیں
روز مرہ کے امور کو بروقت انجام دینے کے لیے بہتر ہے کہ ترجیحی بنیاد پر کاموں کی فہرست مرتب کر لی جائے جس میں کام کا دورانیہ اور وقت کا بھی تعین کیا ہو تاکہ مقررہ وقت میں اپنا ہدف مکمل کر سکیں۔ تحریری فہرست مرتب کرنے کا فائدہ یہ ہوگا کہ بھول جانے کا اندیشہ نہیں رہے گا۔ 
شکر و رضامندی 
شکرگزاری کا عمل ہمیشہ انسان کی مثبت انرجی میں اضافے کا باعث ہوتا ہے جس کے بہتر اثرات نہ صرف جسم اور دماغ پر مرتب ہوتے ہیں بلکہ اس سے کام کا معیار بھی بہتر ہوتا ہے۔
شکر گزاری کے احساس اور عمل کو اپنی روز مرہ زندگی کا لازمی جز بنائیں جس کے بعد آپ اپنے اندر پیدا ہونے والی خوشگوار تبدیلی کو خود ہی محسوس کریں گے۔ 
پانی پینا 
روزانہ مناسب مقدار میں پانی پینا صحت مندانہ زندگی کے لیے بے حد اہم ہے۔ پانی پینے کے بے شمار فوائد ہیں جس سے انسان کا نظام انہضام بہتر ہوتا ہے جبکہ جِلد کی تازگی بھی برقرار رہتی ہے۔ 
صبح سویرے اٹھتے ہی ناشتے سے پہلے پانی پینا چاہیے بلکہ نیم گرم پانی جسم کے لیے زیادہ فائدہ مند ہوتا ہے۔ گھر یا دفتر میں اپنی میز پر بھی پانی کا جگ رکھ سکتے ہیں تاکہ روزانہ مناسب مقدار میں پانی پینے کی عادت بن جائے۔ اس کے بعد جسمانی تبدیلی آپ کوخود ہی محسوس ہوگی۔ 
خوش مزاجی  
نرم گفتاری اورخوش مزاجی ایک ایسا عمل ہے جو نہ صرف انسان کی شخصیت کو نکھارتا ہے بلکہ دوسرے بھی خوش مزاج افراد کی قدر و عزت کرتے ہیں۔ 
گھر، دفتر یا کام کی جگہ پر اپنے ساتھیوں کے ساتھ بہتر رویہ رکھیں اور ان کے کام کو سراہیں، ضرورت پڑنے پر مدد کریں اور ہر شخص سے مسکرا کر لیں۔

شیئر: